اسلام آباد: (ن) لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آصف علی زرداری سے ہاتھ ملا سکتے ہیں، حکومت گرانے کے لیے نہیں قانون سازی کے لئے اپوزیشن متحد ہو، اپوزیشن موجودہ نظام کے چلتے رہنے کی ضمانت ہے جب کہ نیب قانون میں تبدیلی نہ کرکے ہم نے غلطی کی جو دور ہوجانی چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فوجی عدالتوں پر حالات دیکھ کر پارلیمنٹ میں فیصلہ کریں گے، صحافی کے سوال پر کہ جن حالات میں فوجی عدالتیں بنی تھیں وہ اب رہے یا نہیں، سعد رفیق نے کا کہ مشکل سوال ہے ابھی اس پر بات نہیں کرنا چاہتا، جب یہ سوال سامنے آئے گا تو مشورہ کرکے جواب دیں گے۔
ایک سوال پر کہ کیا ملک میں صدارتی نظام لانے کی کوشش ہورہی ہے، سعد رفیق نے کہا کہ صدارتی نظام موجودہ صورتحال میں نہیں آسکتا، صدارتی نظام اتنا آسان نہیں پاکستان میں لوگ جمہوریت کے شیدائی ہیں، لوگ لولی لنگڑی جمہوریت پر گزارہ کرلیتے ہیں تاہم میرا نہیں خیال ریورس گیئر لگ سکے گا۔
صحافی کی جانب سے سوال پر کہ نیب کی سختیوں پر شہبازشریف گلہ کرتے ہیں اور آپ کو کوئی شکایت نہیں، یہ تضاد کیوں، سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کمرہ میرا بھی دس ضرب بارہ ہی کا ہے مگر مجھ سے سلوک اچھا ہے تو اچھا ہی کہوں گا۔
The post آصف علی زرداری سے ہاتھ ملا سکتے ہیں، سعد رفیق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2SxCURB