بیجنگ: چین میں دنیا کی مہنگی ترین لپ اسٹک کی آزمائش اور انہیں مشہور کرنے کی ذمے داری کسی خاتون ماڈل کی بجائے ایک مرد وی لاگر پر ہے جو اپنی مہارت کی بنا پر ’کنگ آف لپ اسٹک‘ یا ’آئرن لپس‘ کہلاتے ہیں۔
لائی چیاقی مہنگے ترین برانڈز کے لپ اسٹک آزماتے ہیں اور اس کے بدلے بہت سی رقم کماتے ہیں۔ لائی چینی ٹِک ٹاک ڈویون پر بہت مشہور ہیں۔ دیگر سوشل نیٹ ورک پر بھی وہ بہت مشہور ہیں۔ لائی جس لپ اسٹک کو پسند کرکے اس کا اقرار کرلیں وہ فوراً مشہور ہوجاتی ہے۔ اسی وجہ سے لپ اسٹک بنانے والے ان پر خاص توجہ دیتے ہیں اور انہیں آزمائش کے لیے خطیر رقم بھی فراہم کی جاتی ہے۔
اگرچہ یہ شعبہ خالص خواتین کا ہے اور چین جیسے روایتی ملک میں اسے بطور کیریئر اپنانا ایک گھاٹے کا سودا ہے۔ لیکن لائی چیاقی نے ان دونوں اندازوں کو غلط ثابت کردکھایا ہے اور وہ بے تحاشہ رقم کمارہے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی کمپنیوں کے ساتھ ان کا اشتراک جاری ہے جس میں خصوصی توجہ لپ اسٹک پر دی جاتی ہے۔ شروع میں لوگوں نے لائی کے کام کو احمقانہ قرار دیا کہ وہ خواتین کو متاثر نہیں کرسکیں گے لیکن اب وہ پورے چین میں مشہور ہوچکے ہیں اور لپ اسٹک بادشاہ کہلاتےہیں۔
بسا اوقات لپ اسٹک بادشاہ سات اور آٹھ گھنٹے تک بھی لائیو رہتے ہوئے اپنا کام کرتے رہتے ہیں اور ایک سیشن میں کئی درجن لپ اسٹک آزماتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک روز میں کل 360 سے زائد لپ اسٹک ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسی بنا پر انہیں فولادی ہونٹ والا بھی کہا گیا ہے کیونکہ اتنی بڑی مقدار میں مختلف لپ اسٹک لگانے سے ہونٹوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
The post لپ اسٹک کا بادشاہ: چین میں لپ اسٹک برانڈ مشہور کرنے والا مرد ماڈل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2zKv6Ht