ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی

ڈیرہ اسماعیل خان کے شہر ٹانک میں دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کرنل مجیب الرحمان شہید ہو گئے جب کہ دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا‘ گھراؤ میں آنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کرنل مجیب الرحمان شہید ہو گئے۔

مارے جانے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا،انھوں نے شہید کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی، ان کا کہنا تھا پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے، سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشت گردی کا خاتمہ ہوا، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی امن کی شمع روشن ہوئی ہے۔

دہشت گردی کی اس کارروائی میں ایک کرنل کی شہادت افسوسناک واقعہ ہے، یہ کارروائی اس امر کی مظہر ہے کہ دہشت گردوں کی ایک تعداد شہروں میں چھپی ہوئی اور اپنی مذموم کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔ فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ایک وہ وقت تھا جب یوں معلوم ہوتا تھا کہ دہشت گرد پورے ملک میں پھیل  اور اپنی کارروائیوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

ایسے میں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں کا آغاز کیا اور ان کے مضبوط ٹھکانوں اور نیٹ ورک کو توڑا۔ سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد ماری گئی اور کچھ مختلف علاقوں میں چھپ گئی۔ اب یہ بے شناخت چہرے وقتاً فوقتاً اپنی کارروائیوں کے ذریعے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

ان دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے ناگزیر ہے کہ مقامی سطح پر ان کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ یہ سہولت کار ہی ہیں جو ایک نظریے کے تحت ان دہشت گردوں کی معاونت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے علمائے کرام‘ لکھاریوں اور میڈیا کو نظریاتی محاذ پر جنگ لڑنا ہو گی۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرم تو ہیں ہی سول اداروں کو بھی امن قائم کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مقامی شہریوں اور عوامی نمایندوں کے ساتھ اپنے رابطوں کو مضبوط بنانا ہو گا۔تمام ادارے مربوط طور پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں۔

The post ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2wIyl0y