گرین شرٹس شکستوں کی دلدل سے نکلنے کیلیے بے چین، ویسٹ انڈیز سے آج مقابلہ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

گرین شرٹس شکستوں کی دلدل سے نکلنے کیلیے بے چین، ویسٹ انڈیز سے آج مقابلہ

ناٹنگھم: ورلڈ کپ میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز جمعے کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گا جب کہ گرین شرٹس نے شکستوں کے دلدل سے نکلنے کی ٹھان لی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز ویسٹ انڈیز کیخلاف آج سے ناٹنگھم میں شیڈول میچ سے کررہی ہے، گرین شرٹس کواس وقت ناکامیوں کے ایک طویل سلسلے سے جان چھڑانے کا بھی چیلنج درپیش ہے، وہ گذشتہ 10 ون ڈے میچز میں لگاتار ناکامی سے دوچار ہوچکے جبکہ واحد وارم میچ میں افغانستان کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،بنگلہ دیش سے دوسرا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

پاکستان کی قوت ہمیشہ سے فاسٹ بولنگ رہی مگر اب اس کے بارے میں بھی ابہام پایا جاتا ہے، محمد عامر کو آخری لمحات میں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، حسن علی اگرچہ اٹیک کو لیڈ کریں گے مگر گذشتہ برس کے ایشیا کپ کے بعد سے خود ان کی بولنگ ایوریج 60 کے قریب ہے۔

انگلینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں پاکستانی بیٹنگ جدید کرکٹ سے ہم آہنگ ہوتی ہوئی دکھائی دی، 4 مکمل ہونے والے میچز میں سے 3 میں گرین شرٹس نے 340 یا زائد رنز بنائے مگر اس کے باوجود ان تمام میچز میں فتح ہاتھ نہ آئی۔ اب پاکستان کا ورلڈ کپ میں پہلا ٹکراؤ ایک ایسی ٹیم سے ہونے جارہا ہے جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں 421 رنز بنائے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں چوتھی مرتبہ اپنی مہم کا آغازکیریبیئن حریف کے خلاف کرے گا۔

اس سے قبل کھیلے گئے ایسے 3 میچز میں پاکستانی ٹیم صرف ایک بار فتحیاب رہی جبکہ کیریبیئن سائیڈ کو 2 مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ٹاپ آرڈر پر پاکستان کو فخر زمان سے برق رفتار آغاز کی امید ہے مگر ستمبر 2018 میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے بعد سے اوپنر کی اوسط 76 سے کم ہوکر 32 پر آگئی ہے، ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی 98 سے 91 ہوچکا۔

پاکستان کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں تاہم بڑا سوال بولنگ کمبی نیشن سے متعلق ہے، شاداب خان کی فٹنس کا مطلب یہ ہے کہ شعیب ملک کو باہر بیٹھنا پڑے گا عماد وسیم اور آصف علی کی جگہ یقینی دکھائی دے رہی ہے جبکہ عامر اور حسن علی کے ساتھ تیسرے پیسر وہاب ریاض ہوں گے۔

میچ کیلیے اعلان شدہ12 رکنی ٹیم میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر اور آصف علی شامل ہیں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی حتمی الیون کے بارے میں کسی قسم کی پیشگوئی کرنا تھوڑا مشکل ہے، شینن گیبرائل واحد بولر تھے جو نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ نہیں کھیلے، الیون میں جگہ کیلیے ان کا اوشین تھامس سے مقابلہ ہوسکتا ہے۔

آسمان پر بادلوں کی موجودگی متوقع ہے تاہم ایسی بارش کا امکان نہیں جو میچ کیلیے خطرہ بنے، ٹاس جیتنے والی ٹیم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کیلیے اپنے بولرز کو پہلے موقع دے سکتی ہے۔ جیسن ہولڈر اس سے قبل ورلڈ کپ 2015 میں بھی کیریبیئن ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں۔

The post گرین شرٹس شکستوں کی دلدل سے نکلنے کیلیے بے چین، ویسٹ انڈیز سے آج مقابلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2MixgnC