برازیل کے تاریخی شاہی محل میں خوفناک آتشزدگی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

برازیل کے تاریخی شاہی محل میں خوفناک آتشزدگی

براسیلیا: برازیل کے تاریخی شاہی محل اور موجودہ قومی عجائب گھر میں آتشزدگی سے نوادرات جل کر خاکستر ہو گئے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں قومی عجائب گھر میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی سے عمارت کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچا جب کہ میوزیم میں موجود نایاب اور نادر اشیاء جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ خوفناک آگ پر قابو پانے کے لیے قریبی جھیل سے پانی حاصل کیا جا رہا ہے عمارت میں موجود اکثر نادر اشیاء جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔ صرف چند ہی نوادرات کو بچایا جا سکا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

برازیل کے صدر مائیکل تیمر نے اپنی ٹویٹ میں قومی عجائب گھر میں آتشزدگی کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری تہذیب و تمدن اور 2 سو سالہ تاریخ پر کی گئی تحقیق نذر آتش ہوگئی۔ شاہی محل کی حیثیت رکھنے والی عمارت کو پہنچنے والا نقصان ناقابل تلافی ہے۔ آج برازیل کی تاریخ کا سب سے دکھ بھرا دن ہے۔

برازیل کے شہر ریو دے جینیرو میں واقع اس عمارت کو 18 ویں صدی میں مملکت متحدہ پرتگال، برازیل اور الغرب کے شاہی محل کی حیثیت بھی حاصل رہی ہے اور رواں سال اس عمارت کے 2 سو سال پورے ہونے پر سرکاری سطح پر جشن بھی منایا جانا تھا۔ اس عمارت کو قومی عجائب گھر میں تبدیل کرکے سائنسی تحقیق کے لیے مختص کردیا گیا تھا اور یہ عمارت برازیل میں سائنسی تحقیق کا سب سے قدیم اور بڑا مرکز بھی تھی۔

The post برازیل کے تاریخی شاہی محل میں خوفناک آتشزدگی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2LPdgmV