کراچی: نارتھ کراچی میں 4 ڈاکو چند منٹوں میں بینک سے 10لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
بدھ کے روز صبح رواں برس کی پہلی بینک ڈکیتی کی وارات رونما ہوئی جس میں دو منٹ چورنگی کے قریب بینک میں ڈاکو داخل ہوئے ، بینک کے گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی تو انھیں پستول کے بٹ مار کر زخمی کردیا۔
بینک میں داخل ہونے کے بعد ڈاکوؤں نے خوف پھیلانے کی غرض سے ہوائی فائر بھی کیے، ملزمان کے ہاتھوں میں پستول اور رپیٹر نظر آرہے ہیں ، چاروں ڈاکو شلوار قمیص میں ملبوس اور شناخت چھپانے کی غرض سے سرجیکل ماسک پہنے ہوئے ہیں، ملزمان نے کیش کاؤنٹر سے رقم لوٹی اور فرار ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فرار کے وقت کچھ ہی فاصلے پر دو ڈاکوؤںکی موٹر سائیکل خراب ہوگئی جس پر شہریوں نے ان کا پیچھا کیا تو ملزمان نے ہوائی فائرنگ شروع کردی اور قریب سے گزرنے والے ایک اور موٹر سائیکل سوار کو روکا اور اسلحے کے زور پر اس سے موٹر سائیکل چھین کر اس پر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس و رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور عملے سے تفصیلات حاصل کیں جبکہ واقعے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم کے مطابق بینک ڈکیتی میں 10 لاکھ 35ہزار روپے لوٹے گئے ہیں، ملزمان کے فرار کے راستوں کا تعین کرلیا گیا ہے جبکہ علاقے کی جیو فینسنگ بھی کرلی گئی ہے ، واردات کسی نئے گروہ کی معلوم ہوتی ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ مددگار ہیلپ لائن ون فائیو کی موبائل سے ملزمان کا ٹکرا ہوا اور فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ بینک کے بنکر میں موجود تیسرا سیکیورٹی گارڈ کوئی مزاحمت نہیں کرسکا ، اس کے پاس رپیٹر تھا ، رپیٹر چونکہ ایک بڑا ہتھیار ہوتا ہے جسے فوری طور پر اس طرح چار دیواری میں چلانا دشوار ہوتا ہے، ہم نجی سیکیورٹی کمپنیز سے بات کریں گے کہ سیکیورٹی گارڈز کو چھوٹے ہتھیار دیے جائیں۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ، آئی جی سندھ مشتاق مہر نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
The post نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں نے بینک لوٹ لیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3cBzwjy