کراچی: کورونا وائرس نے جہاں کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا وہیں اس کے منفی اثرات فرنیچر سازی کے کاروبار پر بھی پڑے ہیں۔
کورونا کے سبب کراچی میں فرنیچر کی تیاری کا کام زوال پذیری کا شکار رہا، فرنیچر سازی کے کاروبار سے وابستہ تاجر اور کاریگر شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو گئے، کورونا کے سبب بڑے تاجروں نے سرمایہ کاری بہت کم کر دی جس کی وجہ سے فرنیچر سازی کی مختلف اقسام 50 فیصد سے بھی کم تیار کی جا رہی ہیں۔
ایکسپریس نے فرنیچر سازی کی تیاری کا جائزہ لیا تو اس حوالے سے فرنیچر سازی کے کام سے وابستہ حاجی محمد رؤف میمن نے بتایا کہ کورونا وائر س کی پہلی اور دوسری لہر کے بعد اب تیسری لہر کا آغاز ہو چکا ہے، کورونا وبا زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے وبا کے سبب جہاں دیگر کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں وہیں کورونا کی لہر کے سبب فرنیچر سازی کا کاروبار بھی شدید متاثر ہوا۔
حاجی محمد رؤف میمن نے بتایا کہ مارچ 2020 سے اگست 2020 تک فرنیچر سازی کے کارخانے تقریبا بند رہے تاہم ستمبر سے فرنیچر سازی کا کام بتدریج بحال ہوا لیکن اس کام سے وابستہ کاروباری حضرات اور ہنر مند طبقہ تاحال معاشی پریشانی کا شکار ہے اور اب تک فرنیچر سازی کا کام اس طرح بحال نہیں ہو سکا ہے جس طرح ماضی میں ہوا کرتا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت کاروبار ادھار پر ہورہا ہے، فرنیچر تیار کرانے والے تاجر ہوں یا تیار کرنے والے افراد سب لاکھوں روپے کے مقروض ہیں۔
مہنگائی بڑھنے سے فرنیچر کی تیاری کا خام مال مہنگا ہوگیا
کورونا کے سبب خراب معاشی حالات اور مہنگائی میں اضافے کے سبب فرنیچر کی تیاری کے خام مال میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں 30 سے 50 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مختلف اقسام کے فرنیچرز کی قیمتوں میں بھی 20 سے 40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
فرنیچر سازی کے کام سے وابستہ ماہر کاریگر منا بھائی کے مطابق فرنیچر سازی میں استعمال ہونے والے خام مال کی قیمتوں اور کاریگروں کی اجرت میں اضافے کے باعث بیڈ روم سیٹ ، صوفہ سیٹ اور فرنیچر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سادہ ڈیکو بیڈ روم سیٹ کی مختلف اقسام کی قیمت میں10 سے 15 ہزار روپے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ فرنیچر 70 سے ایک لاکھ روپے سے زائد تک دستیاب ہے۔
The post کورونا وبا میں فرنیچر کی تیاری و فروخت زوال کا شکار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/38R7CiO