کراچی: کورونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن نے جہاں دنیا بھرکے ممالک میں تباہ کاریاں پھیلائی ہیں وہاں پاکستان پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
لاک ڈاؤن کے سبب لاتعداد خاندان کراچی سمیت ملک بھر میں معاشی طور پر متاثر ہوئے لیکن اس قدرتی آفت میں بھی پاکستان کے مخیر حضرات اپنے غریب ہم وطنوں کو نہیں بھولے اوران کی مدد کررہے ہیں، ڈیڑھ ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران رمضان کا بابرکت مہینہ بھی اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ہے اس دوران مخیر حضرات ، سیاسی،مذہبی،سماجی تنظیموں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں لاتعداد راشن بیگز تقسیم کیے گئے ہیں جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
مقامی فلاحی تنظیم کے رضاکار عمران الحق نے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ شہرکے ہر علاقے میں غریب اور مستحق خاندانوں کی امداد کا سلسلہ مخیر حضرات کی جانب سے رمضان میں بھی بڑے پیمانے پر جاری ہے لیکن اس امدادی کام میں سب سے اہم چیز جودیکھنے میں آئی وہ یہ ہے کہ مخیر حضرات فلاحی اداروں کی امداد تو کرتے ہیں لیکن اب زیادہ ترمخیر حضرات اپنی مددآپ کے تحت راشن بیگز یاعیدگفٹس تیار کروا کر اپنے خاندانوں میں موجود مستحق افراد یا محلے یا پھر دیگر سفید پوش گھرانوں میں تقسیم کرنے لگے ہیں، اس کی تقسیم کھارادر، میٹھا در، اولڈ سٹی ایریا، صدر، رنچھور لائن، گارڈن ، پی آئی بی کالونی، ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ کراچی، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور دیگر علاقوں میں کی جاتی ہے۔
3لاکھ گھرانوں میں راشن تقسیم کیا،رمضان چھیپا
چھیپا فاؤنڈیشن کے سربراہ رمضان چھیپا نے بتایا کہ ہماری جانب سے 3لاکھ گھرانوں میں راشن تقسیم کیے گئے ہیں،یہ امدادی پروگرام کورونا لاک ڈاؤن کے اختتام تک جاری رہے گا۔
2لاکھ گھرانوں کوراشن پہنچایا،فیصل ایدھی
ایدھی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی فیصل ایدھی کے مطابق بتایاکہ ہم اپنے7 اداروں میں رہائش پذیرمستحق اور یتیم بچوں، خواتین، مردوں اور بزرگوں کی مدد کرتے ہیں، اس کے علاوہ 2لاکھ گھرانوں میں راشن تقسیم کرچکے ہیں اوریہ سلسلہ جاری ہے۔
2 ہزارگھرانوں کوراشن دیا،طاہرحسین
پاکستان پبلک فورم کے چیئرمین طاہر حسین نے بتایاکہ ہم نے 2ہزارگھرانوں میں راشن تقسیم کیاہے۔
پی ایس پی کی فلاحی تنظیم نے2لاکھ راشن بیگز تقسیم کیے
پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی کے مطابق پی ایس پی کی فلاحی تنظیم نے 2لاکھ راشن بیگز تقسیم کیے ہیں اوریہ سلسلہ جاری ہے۔
2لاکھ سے زائد راشن بیگزاورعیدگفٹس تقسیم کیے،امین الحق
ایم کیوایم پاکستان کے ترجمان امین الحق نے بتایاکہ تنظیم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فانڈؤیشن کے تحت2لاکھ سے زائد راشن بیگس اور عید گفٹس تقسیم کیے گیے ہیں اورتقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
500سادات گھرانوں کی مددکی،مبشررضا
انجمن ضیائے طیبہ کے مبشر رضا کے مطابق 500سادات گھرانوں کی شرعی تقاضوں کے مطابق امداد کی گئی ہے۔
مخیرحضرات1500سے لیکر7ہزارکاراشن بیگ تیارکراتے ہیں
کراچی میں مخیر حضرات یا این جی اوز کی جانب سے 1500ہزار روپے سے لے کر 7 ہزار روپے تک کا راشن بیگ تیار کرایا جاتا ہے تاہم زیادہ تر 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک والے راشن بیگس تقسیم کیے جاتے ہیں،راشن بیگوں میں آٹا، چینی، چاول، مونگ یا چنے یا مسور کی دال، بیسن، سفید چنا، گھی اور تیل کی تھیلی، مصالحے، پتی، کھجور، شربت کی بوتل اور دیگر اشیاشامل ہوتی ہیں۔
یہ راشن بیگ 15 دن یا ایک مہینے کے حساب سے تیار کرائے جاتے ہیں، بیشتر مخیر حضرات بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز، ہول سیل کریانہ مارکیٹوں اور علاقائی سطح پر کریانہ کی بڑی دکانوں سے یہ راشن بیگ تیار کراتے ہیں۔
عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ نے ایکلاکھ خاندانوںکوراشن پہنچایا
عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے جوائنٹ سیکریٹری شکیل دہلوی نے بتایاکہ ٹرسٹ کے تحت ایک لاکھ سے زائدخاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔
اب تک لاکھوں بیگز تقسیم کرچکے ہیں،ظفر عباس
جعفریہ ڈیزاسٹر سیل کے سیکریٹری ظفر عباس کے مطابق کراچی میں تقریبا جے ڈی سی کے تحت کورونا ریلیف آپریشن کے تحت20لاکھ راشن بیگز کی تقسیم کا ہدف مقررکیاگیا ہے اوراب تک کئی لاکھ بیگز تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
5 لاکھ خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے ،ترجمان سیلانی ٹرسٹ
سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ترجمان نے بتایا کہ سیلانی کے تحت اب تک ساڑھے 5لاکھ خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے جاچکے ہیں اور مزید لاکھوں راشن بیگز اور ہزاروں عیدگفٹس رمضان کے آخر تک تقسیم کیے جائیںگے۔
26لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کریں گے،محمودعطاری
دعوت اسلامی کے شعبہ اطلاعات کے ذمے دار محمود عطاری نے بتایاکہ دعوت اسلامی کی جانب سے 4 لاکھ سے زائد راشن بیگز تقسیم کیے گئے ہیں اور ہمارا ہدف 26لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کرناہے۔
امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ ڈیڑھ ماہ سے جاری ہے
سروے کے مطابق شہر کے مخیر حضرات کی جانب سے نہ صرف عام دنوں میں غریب، مستحق افراد اورسفید پوش خاندانوں کی مددکی جاتی ہے بلکہ رمضان المبارک میں اس امدادی کام کا 100 گنا بڑھ جاتا ہے،رواں سال کوررونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث امدادی سامان اورراشن کی فراہمی کا سلسلہ ڈیڑھ ماہ سے جاری ہے،گمنام مخیر حضرات، این جی اوز،سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے لاکھوں بے سہارا مستحق اور غریب خاندانوں کی امداد کی جارہی ہے اور ان خاندان میں راشن بیگز تقسیم کیے جارہے ہیں۔
سنی تحریک،پیپلزپارٹی اورسماجی تنظیم نے لاکھوںگھرانوں کوراشن پہنچایا
سنی تحریک کے ترجمان فہیم قادری کاکہناہے کہ ہم نے 6000گھرانوں راشن تقسیم کیاہے ، گلوبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین احمد قادری نے بتایا کہ انھوں نے 7ہزار راشن بیگز تقسیم کیے ہیں، ویلدان فافاؤنڈیشن کے صدرواجدلاکھانے بتایا کہ انھوں نے 500راشن بیگزتقسیم کیے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل کے مطابق ان کی پارٹی کی جانب سے 5لاکھ گھرانوں میں راشن تقسیم کیاگیاہے ۔
لاک ڈاؤن سے متاثرہ 5لاکھ گھرانوں کوراشن دیا،صدرالدین
الخدمت پاکستان کے ڈائریکٹر ریلیف قاضی صدرالدین کے مطابق الخدمت کے تحت اب تک لاک ڈاؤن سے متاثرہ 5لاکھ سے زائد گھرانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے جاچکے ہیں اوریہ سلسلہ جاری ہے
صاحب حیثیت لوگ کپڑے اورعیدی تقسیم کرتے ہیں
کراچی میں مخیر حضرات کے علاوہ مڈل کلاس گھرانوں کے صاحب حیثیت افراد بھی اپنے اپنے علاقوں میں موجود مستحق اور سفید پوش خاندانوں میں زکوۃ اورعطیات کی نقد رقم تقسیم کرنے کے بجائے کپڑے اور عیدی تقسیم کر دیتے ہیں، سروے کے مطابق مخیر حضرات کی جانب سے مدارس اور یتیم خانوں میں بھی عیدگفٹس بھیجے جاتے ہیں۔
اس عید گفٹس میں مرد، خواتین اور بچوں کے مختلف سائز کے تیار شدہ شلوار قمیض اور چپلیں شامل ہوتی ہیں یہ شلوار قمیض اور چپلوں پر مشتمل عید گفٹس 1000 روپے سے لیکر 2000 روپے تک میں تیار ہوتا ہے، بعض فلاحی ادارے کھلے عام مستحق افراد میں راشن تقسیم کرتے ہیں جس کی وجہ سے سفید پوش گھرانے ان اداروں کے بجائے مقامی مخیر حضرات سے امداد قبول کرنا بہتر سمجھتے ہیں۔
مساجدوامام بارگاہوں کیانتظامیہ نے بھی راشن تقسیم کیا
جمعیت علمائے اسلام (ف)،مسلم لیگ (ق)،مسلم لیگ (ن)،تحریک لبیک پاکستان سمیت دیگر جماعتوں،تنظیموں اور مخیر حضرات سمیت مساجد وامام بارگاہوں کی سطح پر بھی لوگوں میں امدادکی تقسیم کاسلسلہ جاری ہے اور لاکھوں گھرانوں میں شناختی کارڈ کے اندارج کے بعد راشن تقسیم کیا جاچکاہے ،ہر جماعت،ادارے کے پاس اپناڈیٹا ہے،ون لنک نظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی گھرانوںکوڈبل راشن بھی ملاہے۔
پی ٹی آئی نے ایک لاکھ گھرانوںمیں راشن تقسیم کیا
تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے بتایاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد گھرانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے ہیں۔
80ہزارخاندانوں میںچاول تقسیم کیے،احمدرضا
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ٹرسٹی احمد رضا طیب کے مطابق کراچی میں مخیر حضرات بڑی تعداد میں زکوۃ اور عطیات فلاحی اور دیگر امدادی اداروں کو دیتے ہیں، ہماری جانب سے 10 ہزار سے زائد خاندانوں میں راشن بیگز اور80ہزارخاندانوں میں چاول تقسیم کیے گئے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
کئی غریب گھرانے باعزت طریقے سے امداد چاہتے ہیں ،حاجی تسلیم
لیاقت آباد میں غریبوں میں امدادی سامان تقسیم کرنے والے حاجی تسلیم نے بتایا کہ شہر کے کئی مخیر حضرات تو اپنی زکوۃ، صدقات، عطیات اور فطرہ تو بڑے خیراتی اسپتالوں، مدارس، یتیم خانوں اور فلاحی اداروں کو دے دیتے ہیں تاہم صاحب ثروت افراد زیادہ تر خود راشن بیگس اپنی نگرانی میں تیار کراتے ہیں انھوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں کاروبار کی بندش، مہنگائی،غربت اور بیروزگاری کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید کم ہوگئی ہے اوران مسائل کی وجہ سے کئی ہزارغریب گھرانے باعزت طریقے امداد چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔
خواتین کھارادر، ڈیفنس، گارڈن اور دیگر علاقوں میں راشن ودیگر اشیا تقسیم کررہی ہیں،عمران الحق
عمران الحق نے بتایاکہ رمضان المبارک میں صاحب ثروت افراد زکوۃکے علاوہ فطرہ اور عطیات غریبوں اور مستحق خاندانوں میں نقدی، راشن، کپڑوں کی خریداری اور عید گفٹ کی صورت میں تقسیم کررہے ہیں، شہر میں مخیر مرد حضرات کے علاوہ خواتین کی جانب سے بھی کھارادر، ڈیفنس، کلفٹن، عثمان آباد، گارڈن، دھوراجی، حسین آباد اور دیگر علاقوں میں راشن اوردیگراشیاتقسیم کررہی ہیں ۔
The post شہر قائد کے لاکھوں غریب و مستحق افراد میں راشن بیگز تقسیم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3dW9xm9