ضلع وسطی میں 65 مقامات پر فلاحی اداروں کے دستر خوان، دفاتر اور مسمار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ضلع وسطی میں 65 مقامات پر فلاحی اداروں کے دستر خوان، دفاتر اور مسمار

کراچی:  میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلع وسطی میں مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 65 مقامات پر فٹ پاتھ اور سڑک کے کنارے قائم فلاحی اداروں کے دفاتر اوردسترخوان مسمار کردیے،ضلع شرقی میں آج کارروائی کی جائے گی۔

سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت انسداد تجاوزات کے اس آپریشن میں جن اداروں کی طرف سے فٹ پاتھ پر قائم دفاتر مسمار کیے گئے ان میں چھیپا ویلفیئر، ایدھی فاؤنڈیشن، سیلانی، عالمگیر ویلفیئر، فلاح انسانیت ٹرسٹ اور دیگر ادارے شامل تھے جن کے خلاف گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد نزد بورڈ آفس، نارتھ کراچی، سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، گولیمار، پاور ہاؤس چورنگی اور ضلع وسطی کے دیگر اداروں میں کارروائی کی گئی۔

قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے محکمہ انسداد تجاوزات کے ذریعے مذکورہ بالا فلاحی اداروں کو تین مرتبہ نوٹس جاری کیا تھا کہ وہ اپنے دسترخوان، دفاتر اور پنجرے وغیرہ فٹ پاتھوں سے ہٹالیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ ان اداروں کو تنبیہ بھی کی جاچکی ہے کہ فٹ پاتھ پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے ہیں لہٰذا یہاں فلاحی یا کاروباری سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

نوٹس کی مدت مکمل ہونے پر ضلع وسطی سے کارروائی کا آغاز کیا گیا اور 65 مقامات پر فٹ پاتھ پر قائم فلاحی اداروں کے دفاتر اور دستر خوان بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیے گئے، تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی نگرانی میں انجام پائی جبکہ معاون عملہ اور اسسٹنٹ کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے تمام فلاحی اداروں سے کہا ہے کہ شہر کی فٹ پاتھ اور سڑکوں کے کنارے فلاحی اداروں کے دفاتر، دسترخوان، پنجرے اور دیگر سامان کو ہٹانے کے لیے پورے شہر میں یہ کارروائی کی جارہی ہے لہٰذا وہ فٹ پاتھ اور سڑکوں سے اپنا سامان ہٹا لیں تاکہ ان کا نقصان نہ ہو۔

The post ضلع وسطی میں 65 مقامات پر فلاحی اداروں کے دستر خوان، دفاتر اور مسمار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2IwcQ5q