دبئی: دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پاک بھارت ٹاکرے کی میزبانی کا منتظر ہے۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15ستمبر سے یواے ای میں شروع ہوگا،گروپ اے میں شامل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا سنسنی خیز مقابلہ 19 ستمبر کو شیڈول ہے،اس ہائی وولٹیج ٹاکرے کے میزبان دبئی اسٹیڈیم کے منتظمین بڑی بے تابی سے میچ کا انتظار کررہے ہیں۔
دبئی اسپورٹس سٹی کے صدر خالد الزارونی نے کہاکہ دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بننے والے میچ کیلیے ہم تیاریاں مکمل کررہے ہیں،توقع ہے کہ اسٹیڈیم میں تل دھرنے کو جگہ نہیں ملے گی،آفیشلز اس کوشش میں ہیں کہ بڑے میچ کا انعقاد بہترین انداز میں ہو،ہم کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بہترین ماحول فراہم کریں گے۔
یاد رہے کہ 12 سال کے طویل عرصے بعد یواے ای میں کوئی پاک بھارت میچ ہونے جا رہا ہے۔ اس سے قبل2006میں ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں روایتی حریفوں کے مابین2میچز کی سیریز ہوئی تھی جس میں کشمیری زلزلہ متاثرین کی امداد کیلیے فنڈز اکھٹے کیے گئے تھے،ایشیاکپ کا اولین ایڈیشن 1984 میں شارجہ میں ہوا تھا،اس بار دبئی اسٹیڈیم میں فائنل سمیت 8 میچزکھیلے جائیں گے۔
ابوظبی کا شیخ زید اسٹیڈیم5مقابلوں کا میزبان ہوگا،6ملکی ایونٹ کیلیے پاکستان، بھارت اور ایک کوالیفائر ٹیم گروپ اے میں شامل ہوگی، گروپ بی میں سری لنکا،بنگلہ دیش اور افغانستان کو شامل کیا گیا ہے،کوالیفائنگ راؤنڈ29اگست سے 6ستمبر تک بھارت میں ہوگا، یواے ای، ہانگ کانگ،ملائشیا، نیپال، اومان اور سنگاپور میں سے سر فہرست ٹیم کو ایشیا کپ میں شرکت کا موقع ملے گا۔
The post دبئی اسٹیڈیم پاک بھارت ٹاکرے کی میزبانی کا منتظر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2JZ8CSt