نئی دہلی، بھارت: ’’جھگڑالو‘‘ بھارت نے ایشیاکپ کے شیڈول پر ہی اعتراض جڑ دیا،ٹیم کے لگاتار2دن میچز رکھنے پر بی سی سی آئی تلملا اٹھا جب کہ پورے شیڈول کو ہی ’بے تکا‘ قرار دے دیاْ
ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی شائقین کرکٹ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار کرنا شروع کردیا، روایتی حریفوں کا پہلا میچ 19 ستمبر کوہوگا، مگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس ایونٹ کے شیڈول پر حیرت ظاہر کرنے کے ساتھ اس میں تبدیلی کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔
ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو پاکستان کے خلاف میدان سنبھالنے سے ایک روز قبل کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ بھی کرنا ہوگا، اسی بنیاد پر بی سی سی آئی نے پورے شیڈول کو ہی بے تکا قرار دے دیا۔
ایک سینئر آفیشل نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایشیا کپ کا شیڈول بے وقوفانہ ہے، اس کی تیاری میں دماغ کا استعمال ہی نہیں کیا گیا، ہم کیسے ایسی صورتحال کو قبول کرسکتے ہیں جس میں بھارت ایک میچ آج کھیلے اور کل اس روایتی حریف سے سامنا ہوجو2 دن آرام کے بعد میدان میں اتر رہا ہو، انھوں نے کہا کہ یہ شیڈول ہمارے لیے ناقابل قول اور اسے لازمی طور پر تبدیل کیا جانا چاہیے، ہوسکتا ہے کہ منتظمین کے ذہن میں اس مقابلے سے دولت کمانے کا خیال ہو مگر ہمارے لیے اہم چیز یہ ہے کہ شیڈول میں بھی برابری ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ پاکستان کوالیفائر ٹیم سے میچ 16 ستمبر کو کھیلے گا، بھارت کیخلاف مقابلے سے قبل اسے ہائی وولٹیج میچ کی تیاری کیلیے2دن ملیں گے۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے حصہ لینے کی تصدیق ہوچکی ہے، دیگر پوزیشنز کیلیے یو اے ای، سنگاپور، اومان، نیپال، ملائیشیا اور ہانگ کانگ کے درمیان کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جائے گا۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی،گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہوگا۔ 15 ستمبر کو دبئی میں ایونٹ کا پہلا میچ بنگال ٹائیگرز اور آئی لینڈرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ سے2 ٹیمیں سپر 4 فور میں جائیں گی، ٹاپ 2کے درمیان 28 ستمبر کو دبئی میں فائنل ہوگا۔
دوسری جانب سابق بھارتی اوپنر وریندرسہواگ نے بھی شیڈول کو ہی جواز بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایشیا کپ ہی نہ کھیلنے کا مشورہ دے دیا، انھوں نے کہا کہ میں شیڈول دیکھ کر کافی حیران ہوا، ان دونوں کون سا ملک مسلسل 2روز میچ کھیلتا ہے، حال ہی میں انگلینڈ میں ٹوئنٹی 20 مقابلوں کے درمیان بھی 2دن کا وقفہ تھا، دبئی کی گرمی میں بغیر کسی وقفے کے آپ 2 میچز کس طرح کھیل سکتے ہیں؟ میں اس شیڈولنگ کو درست نہیں سمجھتا۔
سہواگ نے کہا کہ ایشیا کپ کھیلنے کے حوالے سے اتنی باتیں کیوں ہورہی ہیں، میں تو کہتا ہوں کہ اس میں حصہ ہی نہ لیں بلکہ ٹیم کو آنے والی ہوم یا اوے سیریز کیلیے تیار کریں، مسلسل 2روز میچز کھیلنا بہت ہی مشکل ہوگا، اگر کھیلنا ضروری بھی ہے تب بھی بی سی سی آئی کو کم سے کم شیڈول ضرورت تبدیل کرانا چاہیے۔
The post جھگڑالو بھارت شیڈول پر تلملا اُٹھا، تبدیلی کا مطالبہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2LtInsX