لاہور / پشاور: حکومت نے کالعدم تحریک لبیک کوجاری کئے گئے تمام اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور رہنماوں کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کا عمل شروع کردیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں تعینات ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایات جاری کر دیں جبکہ پولیس اور تمام ڈپٹی کمشنرز سے فہرستیں بھی طلب کر لیں۔ ادھر تھانہ نواں کوٹ پر حملے، ڈی ایس پی اور پولیس اہلکاروں کو اغوا کرنے والے ملزمان کے خلاف دہشت گردی، اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس اہلکار اقبال کی مدعیت میں درج مقدمہ میں انس رضوی ولد خادم رضوی سمیت23نامزد اور سینکڑوں نامعلوم ملزمان کو شامل کیا گیاہے۔ مقدمہ کے مطابق مظاہرین نے تھانے کا گیٹ توڑ کر حملہ کیا اور تھانے کے اندر پٹرول بمب پھینکے جس سے موٹرسائیکلوں اور دیگر چیزوں کو آگ لگ گئیں۔
ڈی ایس پی عمر فاروق بلوچ کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے ان پر تشدد کیا اور ان کو اغوا کرکے اپنے مرکز لے گئے۔آگ لگنے سے پولیس کی گاڑی اور متعدد موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگی۔ مظاہرین تھانے کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے۔ پولیس کے مطابق فوٹیج کی مددسے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
The post تھانے پر حملہ، تحریک لبیک پر مقدمہ درج‘ پختونخوا میں دفاتر سیل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3sD3s4N