بینظیر یونیورسٹی کے طلبا کے پروجیکٹ کو حکومت کی مالی مدد - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بینظیر یونیورسٹی کے طلبا کے پروجیکٹ کو حکومت کی مالی مدد

 کراچی: بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے طلبہ کی تیار کردہ نابینا افراد کی رہنمائی کرنے والی ڈیجیٹل اسٹک (چھڑی) نے سندھ اور وفاقی حکومت کی توجہ حاصل کرلی۔

سندھ حکومت نے ڈاکٹر شفیق اعوان کی نگرانی میں تیار کی جانے والی ڈیجیٹل چھڑی کو کمرشل بنیادوں پر تیار کرکے سندھ میں نابینا افراد کو فراہم کرنے کے لیے فنڈ کی پیشکش کردی ہے۔

ڈاکٹر شفیق اعوان نے بتایا کہ طلبہ کی کاوشوں کا نتیجہ سامنے آنے لگا میڈیا پر رپورٹ نشر ہونے کے بعد صوبائی وزیر سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد تیمور تالپور نے رابطہ کرکے اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں اور نابینا افراد کو بااختیار بنانے کے جذبے کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل چھڑی سندھ میں بصارت سے محروم افراد کو فراہم کرنے کے لیے فنڈز کی فراہمی کی پیشکش کی۔

ڈاکٹر شفیق اعوان کے مطابق وزیر اعلیٰ کی منظوری سے 10 ملین روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل چھڑیاں کمرشل بنیادوں پر تیار کی جائیں گی جن میں آزمائشی چھڑی سے زیادہ جدید فیچرز شامل ہوں گے۔ یہ چھڑی ہیٹ ویو کی صورت میں بصارت سے محروم افراد کو موسم کی شدت سے بھی آگاہ کریگی۔

ڈاکٹر شفیق اعوان نے بتایا کہ سندھ حکومت کے ساتھ صدر مملکت اور گورنر سندھ نے بھی اس پراجیکٹ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ڈیجیٹل چھڑی تیار کرنے والی ٹیم اور اساتذہ کو گورنر ہاؤس مدعو کیا گیا ہے تاکہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔

ڈاکٹر شفیق اعوان کے مطابق لیاری میں واقع بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے طلبہ کی تیار کردہ  دیگر ایجادات بھی دنیا کی کسی بھی ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ میں پڑھائی اور سکھائی جانے والی ٹیکنالوجی کی ہم پلہ ہیں اور سندھ و وفاقی حکومت کی حوصلہ افزائی سے یونیورسٹی میں زیر طالب علم طلبہ کا اعتماد بڑھے گا وہ زیادہ تندہی کے ساتھ معاشرے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور لیاری سمیت سندھ بھر کے نوجوانوں میں آئی ٹی کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔

The post بینظیر یونیورسٹی کے طلبا کے پروجیکٹ کو حکومت کی مالی مدد appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3ng0AtL