کراچی: شہر میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی سے ڈاکو راج قائم ہوگیا جب کہ ڈکیت دن دہاڑے لوٹ مارکی وارداتوں میں مزاحمت کرنے والے نہتے شہریوں پر گولیاں برسانے لگے۔
بلدیہ ٹاؤن مدینہ کالونی تھانے کی حدود 24 مارکیٹ اور فرنیچر مارکیٹ کے درمیان واقع اللہ والا ریسٹورنٹ کے قریب رقم چھینے کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 2 دکانداروں کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کوسول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کی شناخت 28 سالہ عادل ولد شہزاد اور35 سالہ ابراہیم ولد اسلم کے نام سے کرلی گئی۔
ایس ایچ او تھانہ مدینہ کالونی صالم رند نے بتایا کہ زخمی عادل کو بازو اور ابراہیم کو پیٹ میں گولی لگی ہے اور دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی پانی کی موٹروں کی دکان ہے اور زخمی دکاندار بلدیہ 24 مارکیٹ میں نجی بینک سے ساڑھے5 لاکھ روپے نکلواکر اپنی دکان جا رہے تھے کہ اسی دوران24 مارکیٹ اورفرنیچرمارکیٹ کے درمیان اللہ والا ریسٹورنٹ کے قریب 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ان سے رقم چھینی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے انھیں زخمی کردیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈکیت زخمی ہونے والے دونوں دکانداروں کو جانتے تھے اورانھوں نے دونوں کو واردات کے دوران نام سے پکارا تھا پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول اور شواہد جمع کرلیے ہیں جس کی روشنی میں تفتیش شروع کردی گئی ہے، نارتھ ناظم آباد میں دن دہاڑے گوشت کی دکان پر ڈکیتی واردات میں 4 مسلح ڈاکو 4 لاکھ روپے لوٹ کر فررار ہوگئے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
تیموریہ تھانے کی حدود میں دن دہاڑے گوشت کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 ڈاکو 4 منٹ میں4 لاکھ سے زائد نقد رقم لوٹ کرفرار ہوگئے ڈکیتی کا واقعہ دوپہر ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا۔
فوٹیج میں واضح نظر آرہا ہے پہلے ایک ڈکیت دکان میں داخل ہوا اوردکان کے کونے میں جاکرکھڑا ہوگیا کچھ دیر بعد دوسرا اور پھر تیسرا ڈکیت اندر داخل ہوا تینوں ڈاکوؤں نے پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے اور چہروں پر ماسک لگا رکھے تھے بعد میں آنے والے دونوں ڈاکو کاؤنٹر پر کھڑے ہوگئے۔
فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے پہلے 2 کلو گوشت بنوایا پھر دونوں نے اسلحہ نکال لیا پہلے آنے والا ڈاکو کاؤنٹر میں داخل ہوا اور اطمینان سے نوٹ سمیٹتا رہا لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں نے گاہکوں اور ملازمین کو ہلنے نہ دیا ڈکیت بار بار اسلحے کی نوک پر تنبیہ کرتے نظر آئے اور دکان کا سارا کیش سمیٹ کر ڈکیت باآسانی فرار ہوگئے۔
زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر ایک فرزند بیکری کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی نوجوان کی شناخت 18 سالہ عارف ولد عبدالرزاق کے نام سے کرلی گئی۔
ایس ایچ او فاروق سنجرانی نے بتایا کہ زخمی نوجوان تندور پر کام کرتا ہے اور صبح سویرے کام پر جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے باعث نوجوان زخمی ہوگیا۔
The post ڈاکو راج پولیس ناکام، ڈاکوؤں نے 9 لاکھ لوٹ لیے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/32zPmH9