لاہور: نائب کپتان بننا شاداب خان کو راس نہ آ یا، وہ زمبابوے سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی سی بی نے زمبابوے سے سیریز کیلیے شاداب خان کو نائب کپتان بنایا تھا، مگر وہ انجری کے سبب تاحال کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکے ہیں، دوسرا ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد انٹرویو میں بابر اعظم نے بتایا کہ شاداب خان کی انجری میں کافی بہتری آگئی مگر فٹنس ویسی نہیں جیسی ہم چاہتے ہیں، دوسرے میچ میں بھی انھیں نہیں کھلائیں گے، البتہ تیسرے کیلیے زیر غور لایا جائے گا۔
ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ دوسرے میچ میں میری اننگز ٹیم پلان کے مطابق تھی، ہمیں فتح کیلیے ایک اچھی شراکت کی ضرورت تھی،محمد حفیظ نے ساتھ دیا اور سفر آسان ہوگیا،ابتدا میں گیند نیچے رہ رہی تھی، اس لیے مشکل ہوئی، بعد ازاں بیٹ پر آنا شروع ہوئی، بہرحال ایک آسان جیت سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم بتدریج نئے کھلاڑیوں کو مواقع دے رہے ہیں،اچھی بات یہ ہے کہ جس کو بھی چانس ملے اپنا انتخاب درست ثابت کرتا ہے،پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاہین شاہ آفریدی نے آرام کیا تو دیگر نے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی،ہم روٹیشن پالیسی کے ساتھ بینچ پاور کو آزمانا چاہتے ہیں تاکہ جب ضرورت ہو ان کو کمبی نیشن کا حصہ بنایا جا سکے،نئے ٹیلنٹ کو مواقع دینے اور سپورٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، یہ کرکٹرز کھیلیں گے تو ان میں اعتماد آئے گا۔
The post نائب کپتان بننا شاداب خان کو راس نہ آیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2U1B3Xz