اسلام آباد: نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی کے7 ریفرنسز، 6انویسٹی گیشنز اور 3 انکوائریوں کی منظوری دے دی جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف انکوائری عدم شواہد پر بند کر دی۔
چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل، ڈی جی آپریشنز، ریجنل بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق وزیر صحت بلوچستان رحمت علی اور دیگر کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ ان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی ٹھیکے دینے، بھرتیاں کرنے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
سابق وزیر بلوچستان حکومت صادق عمرانی کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ ان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پرآل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی 5 ایکڑاراضی اپنے نام الاٹ کرنے کا الزام ہے جس سے خزانے کو 28 کروڑ کا نقصان پہنچا۔
سابق سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز بلوچستان مقبول احمد کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ سابق ضلعی آفیسرز ایف سی ضلع بنوں نثار اللہ خان، عبدالنواز خان اور دیگرکے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔
سابق پراجیکٹ ڈائریکٹرز پٹ فیڈر کینال توسیعی منصوبہ شیر زمان خان، نعیم بلوچ، سابق ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالحمید مینگل ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ،محمد جہانگیر خان، سابق اسسٹنٹ انجینئرز عبدالجبار، سردار خان سومرو، سابق چیف ریذیڈنٹ انجینئرنیشنل ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ لاہور ابراہیم رند اور دیگر کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔
ایگزیکٹو بورڈ نے سردار عاشق گوپانگ رکن قومی اسمبلی اور دیگر، آفتاب میمن سیکریٹری یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ ،شوکت جوکھیو سابق ضلعی آفیسر ریونیو اور دیگر، محمدسہیل سابق ڈائریکٹر جنرل، افسران/اہلکاران ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کراچی اور دیگر، غلام شبیر شیخ سابق قائم مقام آئی جی سندھ اور دیگر، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلوچستان کی انتظامیہ اور دیگر،شاہد سلیم قریشی سابق سیکریٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان اور دیگرکیخلاف انویسٹی گیشنز جبکہ عبداللہ وینس سابق رکن صوبائی اسمبلی اور دیگر، اورنگزیب چیف آپریٹنگ آفیسر الکبیر ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور، صہیب اشفاق اور ناصر فاروق انسپکٹر پنجاب پولیس کیخلاف انکوائریزکی منظوری دی۔
اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی/سابق وزیر لوکل گورنمنٹ چوہدری پرویز الٰہی اور دیگرکے خلاف انویسٹی گیشن جبکہ سابق ڈائریکٹر جنرل پشاور اتھارٹی قاضی لائق احمد، خالد شیر دل اور دیگر کے خلاف انکوائری عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت ،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔
The post نیب اجلاس میں 7 ریفرنسز کی منظوری، پرویز الہٰی کیخلاف انکوائری بند appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/32BjYIw