پاکستان میں ’تقریباً مکمل‘ سورج گرہن کا آغاز - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

پاکستان میں ’تقریباً مکمل‘ سورج گرہن کا آغاز

کراچی / لاہور: پاکستان میں سورج گرہن کا آغاز ہوچکا ہے جو کراچی اور لاہور میں ’’تقریباً مکمل‘‘ ہوگا جبکہ بلوچستان، بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب سے گزرتی ہوئی ایک باریک سی پٹی میں ’’مکمل سورج گرہن‘‘ ہوگا اور، عام تاثر کے برعکس، صرف ان ہی علاقوں میں دن کے وقت شام جیسا اندھیرا چھائے گا لیکن وہ بھی صرف چند منٹ کےلیے ہوگا۔

اس طرح کے ’تقریباً مکمل‘ سورج گرہن کو ’’حلقہ نما سورج گرہن‘‘ (Annular Solar Eclipse) بھی کہا جاتا ہے۔ موجودہ سورج گرہن کی تفصیل ویب سائٹ ’’ٹائم اینڈ ڈیٹ‘‘ پر موجود نقشے کی مدد سے دیکھی جاسکتی ہے:

واضح رہے کہ یہ اس سال کا پہلا سورج گرہن ہے۔ اگلا سورج گرہن 14 دسمبر کو ہوگا لیکن وہ صرف جنوبی امریکا اور جنوبی افریقہ ہی میں دیکھا جاسکے گا۔

یہ بلاگ بھی پڑھیے: سورج گرہن اور توہمات کا زور

کراچی میں سورج گرہن صبح 10 بج کر 59 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جس دوران سورج کا 93.5 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا اور 6.5 فیصد حصہ روشن رہے گا۔ کراچی میں سورج گرہن کا اختتام 12 بج کر 46 منٹ پر ہوگا، یوں اس کا دورانیہ 3 گھنٹے 20 منٹ ہوگا۔

لاہور میں سورج گرہن صبح 11 بج کر 26 منٹ پر اپنے عروج کو پہنچے گا جس دوران سورج کا 93.2 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا جبکہ 6.8 فیصد حصہ تب بھی روشن رہے گا۔ لاہور میں سورج گرہن کا دورانیہ 3 گھنٹے 22 منٹ ہوگا جبکہ اس کا اختتام دوپہر 1 بج کر 10 منٹ پر ہوگا۔

یاد رہے کہ ’تقریباً مکمل‘ سورج گرہن کے دوران اگرچہ سورج کی روشنی معمول سے خاصی کم ہوجائے گی لیکن پھر بھی یہ اچھی خاصی ہوگی جسے شام یا رات کا منظر ہر گز نہیں کہا جاسکتا۔ ایسا صرف ’مکمل سورج گرہن‘ والے علاقوں میں صرف چند منٹ کےلیے ہوگا جب وہاں غروبِ آفتاب جیسا منظر دکھائی دے گا۔

The post پاکستان میں ’تقریباً مکمل‘ سورج گرہن کا آغاز appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/2Z0Dgoi