ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی مالی خسارے تلے دبنے لگا،مشکل وقت میں ملازمین کی قربانی کا فیصلہ کرلیا گیا، ممکنہ مالی بحران کی وجہ سے 15 فیصد اسٹاف کو فارغ کیا جائے گا، آپریٹنگ اخراجات میں بھی کمی سے 6 ملین ڈالر بچائے جائیں گے، کھلاڑیوں اور کوچز کے معاوضوں میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی آخر کار کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر اپنے 15 فیصد اسٹاف کو فارغ کرنے سمیت آپریٹنگ اخراجات میں کمی سے 6 ملین ڈالر بچانے کا فیصلہ کیا ہے، بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ گذشتہ روز اس پلان سے متعلق این زیڈ سی کے 80 اسٹاف ممبران کو مطلع کردیا گیا ہے، اس سے ہمیں صوبائی اور ڈسٹرکٹ لیول پر کھیل کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملے گی،انھوں نے کہا کہ ہم نے اس سال کھیل کے فروغ کیلیے جو اپنی ترجیحات طے کی تھیں ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
صرف 15 فیصد اسٹاف کو فارغ کرنے سے ہمیں 1.5ملین ڈالر کی بچت ہوگی جبکہ باقی رقم اخراجات میں کمی کرکے بچائیں گے۔ انھوں نے واضح کیاکہ نیشنل مینز اور ویمنز ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچز کے معاوضے میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی، کھلاڑیوں کے سالانہ مشاہرے بھی متاثر نہیں ہوں گے۔ ڈیوڈ وائٹ نے کہاکہ اگرچہ حکومت نے اب لاک ڈاؤن میں نرمی کردی ہے مگر جاری مالی سال کے دوران جو نقصان پہنچااس کی تلافی کیلیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
The post نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ مالی خسارے تلے دبنے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/3cdmrLc