ممبئی: بولرز کو ماسک پہنانے کے حوالے سے مصباح الحق کی تجویز پر بحث شروع ہوگئی، بھارت کے سابق کرکٹر اجیت اگرکار نے کہاکہ فیلڈرز بھی غیرارادی طور پر گیند پر تھوک لگا سکتے ہیں، اس طرح تو سب کو ماسک پہنانا پڑیں گے۔
منہ ڈھانپ کر بولنگ کرنا نقصان دہ بھی ثابت ہوگا،ادھر ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ ماسک پہن کر دوڑنے سے پھیپھڑے متاثر نہیں ہوتے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ و سلیکٹر مصباح الحق نے گذشتہ روز تجویز دی تھی کہ بولرز غیرارادی طور پر بھی گیند پر تھوک لگا سکتے ہیں، اس لیے ا نھیں دوران میچ ماسک پہنانے چاہئیں۔
ان کی یہ تجویز اب کرکٹ برادری میں زیربحث آنے لگی ہے۔ بھارت کے سابق پیسر اجیت اگرکار نے کہاکہ گیند کو چمکانا صرف بولرز کا کام نہیں ہوتا، فیلڈرز اگر غیرارادی طور پر گیند پر تھوک لگائیں گے تو پھر کیا ہوگا، کیا سب کو ماسک پہنانا چاہیے؟ زیادہ تر گیند سلپ فیلڈرز، مڈ آن اور مڈ آف کی جانب جاتی ہے، فیلڈرز بولر کی جانب تھرو کرنے سے قبل گیند کو تھوک سے چمکاتے ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ سب کو نئے قوانین سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، ویسے بھی ماسک لگاکر بولنگ کرنا بولرز کیلیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس حوالے سے اسپورٹس میڈیسن اور ری ہیبلی ٹیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر اشیش کنٹریکٹر نے کہاکہ ماسک لگا کر دوڑنے سے پھیپھڑوں کو نقصان نہیں پہنچتا، اس حوالے سے سوشل میڈیا پرپوسٹ موجود مگر ان میں کوئی حقیقیت نہیں ہے، البتہ یہ درست ہے کہ اس سے بولرز کو شروع میں کچھ مشکل ضرور ہوگی۔ انھوں نے مصباح الحق کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بولرز کو تھوک سے گیند چمکانے کی عادت ہے،اگر منہ پر ماسک لگا ہو تو وہ ایسا نہیں کرپائیں گے۔
The post بولرز کو ماسک پہنانے کی تجویز پر بحث شروع appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2M3ORfU