پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے نئے ایس او پیز جاری - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے نئے ایس او پیز جاری

 لاہور: حکومت پنجاب نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کے لیے ایس او پیز کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق دکان یا کاروباری مرکز پر حکومت کی مہیا کردہ احتیاطی تدابیر نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔

ایس او پیز کے تحت دکان یا کاروباری مرکز پر صابن سے ہاتھ دھونے یا سینیٹائز کی سہولت مہیا کرنا لازم ہے۔ دکان کا عملہ بار بار صابن سے ہاتھ کے اصول پر عمل کرے، دکان دار اور کیشئیر کرنسی نوٹ لیتے ، دیتے اور سنبھالتے وقت پولی تھین کے دستانے استعمال کریں۔ ایسی سطحیں جن کو اکثر ہاتھ لگتے ہیں ان کو صابن ملے پانی یا 0.05 فیصد کلورین کے محلول سے باربار صاف کریں۔ ہر دکان پر استعمال شدہ ٹشو، ماسک اور دیگر ضائع شدہ اشیاء کو اکٹھا کرنے کے لئے ٹوکری موجود ہونی چاہیے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہاتھ ملانے یا گلے ملنے کی اجازت نہیں، بلا ضرورت دکان میں داخلے سے گریز کیا جائے، کھانسی اور چھینک کے آداب اور احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، دکان میں اتنے ہی گاہک داخل ہونے دیئے جائیں کہ افراد کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جا سکے۔ چھوٹی دکان میں گاہک کو داخل نہ ہونے دیں، جلد از جلد گاہک نمٹانے کی کوشش کی جائے۔ خریدا ہوا مال واپس نہ کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔ گھر پر ڈیلیوری دینے والی سروس کو ترجیح دی جائے، بند دکان میں ائیر کنڈیشنر ہرگز مت چلائیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس بزرگوں کی زندگی کے لیے شدید خطرہ ثابت ہوا ہے، ماہرین صحت کی ہدایت کے مطابق بزرگ شہری دکاندار یا گاہک دونوں صورتوں میں باہر نہ نکلنے کو ترجیح دیں، بزرگ گاہک آئیں تو دکاندار انہیں ترجیہی بنیاد پر کم سے کم وقت میں نمٹائیں۔

ایس او پیز کے تحت ریڑھی اور گلی گلی گھوم کر کاروبار کرنے والے خریدار کو ایک میٹر دور کھڑا کریں اور ریڑھی کے گرد بھیڑ نہ کریں۔ گاہک کو ریڑھی اور وزن کرنے والے کانٹے کو ہاتھ نہ لگانے دیں۔ گارمنٹس، کاسمیٹکس اور فیشن سے متعلقہ دکان میں گارمنٹس اور جیولری وغیرہ پہن کر چیک کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ جوتوں کے دکان دار گاہک کو جوتے چیک کروانے کے بعد اپنے ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کریں۔ گاہک جوتے پہن کر چیک کرنے کے بعد ہاتھ اور پاؤں سینٹائزر سے صاف کرے۔ بجلی اور الیکٹرنکس کے سامان کی دکانوں سے بکنے والی اشیاء گاہک کو دینے سے پہلے جراثیم کش محلول سے صاف کریں۔

نوٹی فکیشن میں کہپا گیا ہے کہ فارمیسی اور میڈیکل اسٹور میں سیل مین لازمی طور سرجیکل ماسک پہنے، مریض کے نسخے کو ہاتھ لگانے کے بعد ہاتھ سینٹائزر سے صاف کریں۔ نئے پرانے سامان کی مرمت، دیکھ بھال کی دکان اور ورکشاپس اشیا کو موصول کرتے اور واپس کرتے وقت جراثیم کش محلول سے صاف کریں۔

The post پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے نئے ایس او پیز جاری appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3bG2lcc