کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ 2275 پوائنٹس کی کمی کے نتیجے میں کریش کرگئی اور سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی بازار حصص شدید مندی کا شکار ہوگیا اور لین دین معطل کردیا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں شدید کمی کے باعث تیل کمپنیوں نے اپنے حصص فروخت کرنے شروع کردیے جس کے نتیجے میں مارکیٹ بے یقینی کا شکار ہوگئی اور سرمایہ کار دھڑا دھڑ اپنے حصص بیچنے لگے۔
100 انڈیکس 2 ہزار 275 پوائنٹس کی کمی سے 35 ہزار 943 کی سطح تک گر گیا اور 6.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
شدید مندی کے سبب اسٹاک ایکسچنج میں کاروبار 45 منٹ کے لیے معطل کردیا گیا۔ اسٹاک مارکیٹ پہلی مرتبہ رسک مینجمنٹ کے لیے باضابطہ طور پر بند کی گئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قواعد کے مطابق مارکیٹ 4 فیصد گرنے کی صورت میں خودکار نظام کے تحت بند ہوجاتی ہے اور ٹریڈنگ بند کردی جاتی ہے لیکن ان قواعد پر آج پہلی مرتبہ عمل کیا گیا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ پونے گھنٹے بعد بحال ہوئی تو اس کے بعد بھی مارکیٹ میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا۔
ادھر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار رہیں، جاپان اسٹاک مارکیٹ میں 7فیصد، چینی اسٹاک مارکیٹ میں 3فیصد،ہانگ کانگ ساڑھے تین فیصد، جنوبی کوریا4فیصد،بھارت 3فیصد،سنگاپوراسٹاک مارکیٹ میں 4فیصد، تھائی لینڈاسٹاک مارکیٹ میں 6فیصد اور بنگلہ دیش میں 2.2فیصد کمی ہوئی۔
The post پاکستان اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی، انڈیکس میں 2275 پوائنٹس کی کمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2TwZtZs