ملک بھرکی جیلوں میں65فیصد قیدی سزا کے بغیر - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ملک بھرکی جیلوں میں65فیصد قیدی سزا کے بغیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے جیلوں میں قیدیوں کی حالت زار کے متعلق کیس میں اپنی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملک بھر کی جیلوں میں 5189 قیدی ایچ آئی وی ایڈز اور دیگر مہلک بیماریوں کا شکار ہیں، ان میں سے 425 قیدی ایڈز اور 1832ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں، پنجاب کی جیلوں میں 255مرد اور 2خواتین، سندھ میں 115مرد اور ایک خاتون، خیبر پختونخوا میں39 جبکہ بلوچستان کی جیلوں میں 13قیدی ایچ آئی وی ایڈز کے مریض ہیں۔

پنجاب میں290مرد اور8خواتین، سندھ میں50، کے پی میں235اور بلوچستان میں11قیدی ذہنی مریض ہیں، ملک بھر کی جیلوں میں65فیصد سے زیادہ قیدی سزا یافتہ ہی نہیں بلکہ ان کے کیسز زیر سماعت ہیں، پنجاب کی جیلوں میں قید55فیصد، خیبر پختونخوا میں71، سندھ میں70اور بلوچستان میں59فیصد قیدیوں کے کیسز کا فیصلہ ہی نہیں ہوا۔

دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہا کہ شیریں مزاری صاحبہ خود کیوں آئیں؟ ہم نے تو نہیں بلایا تھا، وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود رپورٹ عدالت میں جمع کرنا چاہتی ہیں۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ہمارے ہاں پانچ،چھ سال سے لوگ لاپتہ ہیں، انکے اہلخانہ اذیت میں ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی حکومت کی ذمے داری ہے، بعدازاں عدالت نے قیدیوں کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین طلب کرتے ہوئے سماعت 15فروری تک ملتوی کر دی۔

 

The post ملک بھرکی جیلوں میں65فیصد قیدی سزا کے بغیر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/30Bf0cM