اسلام آباد: خصوصی عدالت نے پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں استغاثہ کی ٹیم فارغ کرنے پر سیکریٹری داخلہ کو19نومبر کو طلب کرلیا۔
جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی عدالت نے کیس کی سماعت کی، جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیے حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم کو فارغ کر دیا ہے، پراسیکیوٹر بتائیں کیا آپ کو کوئی نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے؟ پراسیکیوٹر ڈاکٹر طارق حسن نے کہا تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی لیکن افواہ ضرور سنی ہے، جسٹس نذر اکبر نے کہا جب تک آپ کو نوٹیفکیشن نہیں ملتا آپ کام جاری رکھیں۔
جسٹس وقار احمد سیٹھ نے استفسار کیا کہ کیا استغاثہ کی ٹیم کو اس انداز میں فارغ کیا جا سکتا ہے؟ بتایا جائے کس قانون کے تحت ایسا کیا گیا؟ پراسیکیوٹر طارق حسن نے کہا کل بھی پوری رات بیٹھ کر کیس کی تیاری کی، عدالت نے مشرف کے وکیل رضا بشیر کی التوا کی درخواست منظور کرلی اور قرار دیا کہیہ آخری موقع ہے، مزید التوا کسی صورت نہیں ملے گا۔
پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ ڈینگی بخار کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا، مزید سماعت 19نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
The post مشرف غداری کیس؛ وفاقی حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم فارغ کردی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2WcVfFX