ممکنہ بارشیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریاں - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ممکنہ بارشیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریاں

کراچی: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہر میں پانی کی تقسیم کے لیے روٹیشن سسٹم شروع کرے اور اپنی ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کو بتائیں تاکہ شہریوں کو معلوم ہوسکے اور وہ بہتر طریقے سے پانی وصول کرسکیں۔

محکمہ بلدیات کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے 29 جولائی سے شروع ہونے والی مون سون /شدید بارشوں کے لیے تیاری، انتظامات اور شہر میں بہتر طریقے سے پانی کی تقسیم کے لیے جامع پلان وضع کرنے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر بلدیات سعید غنی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو،کمشنر کراچی افتخار شلوانی،سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ ، ایم ڈی کے ڈبلیو ایس بی اسداللہ خان اور دیگر واٹر بورڈ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات پر زور دیا کہ وہ واٹر بورڈ کے انجینئرز کو پانی کی تقسیم کے نظام کے اپ گریڈیشن اور مناسب طریقے سے دیکھ بھال کرنے کے لیے پابند کریں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 29 جولائی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے لہٰذا ضروری انتظامات بشمول نالوں کی صفائی، سیوریج نظام کی مکمل فعالیت اور سڑکوں کی مرمت بھی لازمی ہونی چاہیے۔

وزیر بلدیات نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کو گزشتہ سال نالوں کی صفائی کے لیے 500 ملین روپے دیے ہیں،ڈی ایم سیز کو بھی 250 ملین دیے ہیں،کے ایم سی کو زیر کنٹرول شہر میں 16 نالے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں جو پانی کے رکنے کی کئی مقامات ہیں ان کو ٹھیک کریں،شہر میں 17 نکاسی آب کے نالے ہیں اگر ان کو صاف رکھا جائے تو شہر میں پانی نہیں رکے گا،ہر نالے کی پروفائل بنائیں جس میں اس کی لمبائی، چوکنگ پوائٹنس، تجاوزات، کچا پکا پوزیشن اور کیپیسٹی وغیرہ ہونی چاہیے، ڈی ایم سیز اور کے ایم سی اداروں کو متحرک کیا جائے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے اس سال کراچی میں مون سون کی زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سندھ حکومت نے اس سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، ترقی یافتہ ممالک میں بھی تیز بارشوں کے تھمنے کے بعد ہی ریسکیو کا کام شروع کیا جاتا ہے اس لیے شہریوں اور بالخصوص میڈیا بارشوں کے بعد چند گھنٹوں تک انتظامات کو ہونے دیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

میئر کراچی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے بعد اقدامات میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور کراچی میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے زیر انتظام 90 فیصد نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور باقی مانندہ نالوں پر صفائی کا کام دن رات جاری ہے۔

کراچی کے ساتھ سندھ بھر میں تمام اضلاع کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کمشنرز کو بھی بارشوں کے حوالے سے تمام اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو کمشنر ہاؤس کراچی میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، تمام ڈسٹرکٹ کے چیئرمین، میونسپل کمشنرز، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اے ڈی سنجرانی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اعلیٰ افسران، پاکستان رینجرز، نیوی اور دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعیدغنی نے کہا کہ کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کے مطابق 90 فیصد نالوں پر صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کئی اضلاع میں کچھ مسائل ہیں، جس پر متعلقہ چیئرمین، میونسپل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ان پر ہنگامی بنیادوں پر آج سے ہی کام شروع کردیں اور آئندہ دو روز میں ان تمام مسائل کو حل کیا جائے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم سب الرٹ ہیں اور کے ایم سی سمیت تمام ڈی ایم سیز کے منتخب نمائندے اور افسران سب تیار ہیں کہ کسی بھی صورتحال کا ہم مقابلہ کرسکیں گے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ نے 45 مشینوں کو اسٹینڈ بائی رکھا ہوا ہے وہ ان سے مدد لے سکتے ہیں۔

The post ممکنہ بارشیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریاں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/30Y3JSu