ساؤتھ ایشین گیمز؛ تیاریاں کب شروع ہوں گی؟ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ساؤتھ ایشین گیمز؛ تیاریاں کب شروع ہوں گی؟

لاہور: چھ ماہ سے بھی کم عرصہ رہنے کے باوجود ساؤتھ ایشین گیمز کے ٹریننگ کیمپس شروع نہ کیے جا سکے جب کہ مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں اورآفیشلز نے فوری طور پر تربیتی کیمپ لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

ساؤتھ ایشین گیمز کا میلہ رواں برس نیپال میں سجے گا۔یکم سے 10 دسمبر تک کھٹمنڈو میں شیڈول گیمز میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا،بنگلہ دیش، نیپال، افغانستان کی ٹیمیں شریک ہوگی۔

مجموعی طور پر27 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، ان گیمز میں آرچری، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ، کرکٹ، سائیکلنگ، فینسنگ، فٹبال،گالف، ہینڈبال، جوڈو،کبڈی،کراٹے، کھوکھو، پیراگلائیڈنگ، شوٹنگ، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، ٹرائی تھلون، والی بال، ویٹ لیفٹنگ،ریسلنگ اور ووشو شامل ہیں۔

آخری گیمز 2016 میں بھارتی شہرگوہاٹی میں منعقد ہوئے تھے، میزبان بھارت میڈلز کے اعتبار کے سب سے اوپر رہا اور اس نے 128 گولڈ میڈلز سمیت مجموعی طور پر 308 میڈلز جیتے۔ساؤتھ ایشن گیمز میں میڈلز کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے تمام ملکوں میں تیاریاں عروج پر ہیں تاہم حیران کن طور پر پاکستان میں ایونٹ کے لئے ابھی تک تیاریوں کا آغازنہیں کیا جاسکا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بننے والی ٹاسک فورس اور نہ ہی قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے ملکی کھیلوں کی حالت زار کا کوئی نوٹس لیا ہے، پاکستان37 ملکوں میں 34ملک میں شامل تھا جس نے ایشین گیمز 2018 میں ایشین گیمز میں میڈلز جیتا تھا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ساؤتھ ایشن گیمزکوایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز، اسلامی سالیڈیریٹی گیمز، یوتھ اولمپکس، اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں کامیابی کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ مختلف کھیلو ں کے آفیشلز کے مطابق وزیراعظم عمران خان خود اسپورٹسمین رہے ہیں اور کھیلوں کی افادیت سے بخوبی آگاہ ہیں، ان کے دور میں تو کھیلوں کے شعبے کو بہت آگے جانا چاہیے۔

کوچز کے مطابق حکومت کو چاہیے کہ ٹریننگ پروگرام شروع کرے اور اس مقصد کے لیے پروفیشنل کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں، عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بہت وقت ضائع ہو چکا ہے، ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے بہت زیادہ رقم کی بھی ضرورت نہیں ہے، تمام انفرااسٹرکچر ملک میں پہلے ہی موجود ہے، حکومت کو بس یہ کرنا ہے کہ بہترین ریکارڈ کے حامل کوچز اور ٹرینرزکا تقرر کرے۔

ایک اور کوچ کے مطابق بڑی حیران کن بات یہ ہے کہ کم وقت باقی رہ جانے کے باوجود پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی طرف سے ابھی تک ساف گیمز کی تیاریاں شروع نہیں کی جا سکیں۔انھوں نے کہا کہ گیمز میں حصہ لینے کی صورت میں نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ کھلاڑی بھی کھل کر صلاحیتوں کے اظہار کر سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ جتنی جلدی ہو سکے، کیمپوں کا آغاز کیا جانا چاہیے۔

فٹبال کوچ حسن بلوچ نے کہا کہ فٹبال کے دو گروپوں کی وجہ سے کسی کھلاڑی کو یہ نہیں معلوم کہ آگے کیا کرنا ہے۔انھوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ اس نازک صورت حال کا نوٹس لے اور معاملے کو حل کرے تاکہ پاکستانی ٹیم ساؤتھ ایشین گیمز کا حصہ بن سکے۔

 

The post ساؤتھ ایشین گیمز؛ تیاریاں کب شروع ہوں گی؟ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2Is5oIn