بارش سے پاکستانی مہم پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بارش سے پاکستانی مہم پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے

برسٹل: بارش سے پاکستانی مہم پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے جب کہ آسٹریلیا کیخلاف بدھ کو شیڈول ورلڈکپ میچ میں موسم کی مداخلت کا امکان ہے۔

پاکستان ٹیم ورلڈکپ کی پہلی مہم میں بری طرح ناکام ہوئی، ویسٹ انڈیز نے صرف 105رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے 7وکٹ سے فتح سمیٹی، گرین شرٹس نے حیران کن انداز میں کم بیک کرتے ہوئے ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ کو 14رنز سے زیر کرتے ہوئے مسلسل 11ناکامیوں کے سلسلہ بھی ختم کیا۔

فتوحات کا قحط ختم کرنے کے بعد برسٹل میں کمزور سری لنکن ٹیم کو زیر کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے کا بہترین موقع تھا لیکن بارش کی وجہ سے ٹاس کاسکہ اچھالنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی گئی،دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا، فیورٹ ہونے کی وجہ سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا، اب اگلا معرکہ 12جون کو آسٹریلیا کیخلاف ٹاؤنٹن میں ہے۔

گزشتہ دونوں میچز میں فتوحات سمیٹنے والے کینگروز کیخلاف فتح آسان نہیں ہوگی لیکن عالمی نمبر ون انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر زیر کرنے کے بعد کھلاڑیوں کا اعتماد بلندیوں کو چھورہا ہے،اپنے اچھے دن پر گرین شرٹس کسی بھی حریف کو زیر کرسکتے ہیں، البتہ اس میچ میں بھی بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔

موسمیاتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی پیش گوئی کے مطابق دن میں کم از کم دوبار موسم کی مداخلت کا امکان ہے،ٹاؤنٹن میں صبح 7 کے بعد 10اور پھر ایک بجے بارش ہوسکتی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ڈے میچ کا ٹاس 10بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ہونا ہے،مقامی وقت کے مطابق شام 4اور رات 8بجے بھی رم جھم کا امکان ہے، یوں کم از کم 2بار میچ کے دوران بارش کا خدشہ ہے،اس دوران میدان زیادہ گیلا ہوگیا تو میچ کی امیدوں پر پانی پھر جائیگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ایک اور فتح کا عزم لیے بذریعہ بس برسٹل سے ٹاؤنٹن پہنچ چکی، اتوار کو پریکٹس سیشن میں کھلاڑی صلاحیتیں نکھارنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان سے باہمی مقابلوں میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری، 103 میں سے 67 میچزجیتے

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین مجموعی طور پر ابھی تک 103ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں،ان میں سے گرین شرٹس صرف 32میں سرخرو ہوئے،67میں مات کھائی،ایک مقابلہ ٹائی ہوا جبکہ 3بے نتیجہ رہے،یواے ای میں کھیلی جانے والی گزشتہ سیریز میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 0-5 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

مجموعہ کارکردگی کے برعکس ورلڈکپ مقابلوں میں گرین شرٹس نے کینگروز کیخلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے،میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں ابھی تک 9بار آمنے سامنے ہوئی ہیں،پاکستان نے 4جیتے اور 5میں شکست ہوئی ہے، گزشتہ میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض کے یادگار اسپیل کے باوجود 6وکٹ سے مات ہوئی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلی بار ٹاؤنٹن میں مدمقابل آئیں گی

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹاؤنٹن میں پہلی بار ون ڈے میچ میں مقابل ہونگی، یہاں کاؤنٹی گراؤنڈ 1882میں بنا،137 سال پرانے وینیو پر ساڑھے12 ہزارشائقین کی گنجائش ہے، ورلڈکپ 2019 کے یہاں 3 میچز شیڈول ہیں، اب تک یہاں 3 ون ڈے انٹرنیشنل ہو چکے ہیں۔

پہلا میچ ورلڈکپ 1983 میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلاگیا، 1999 کے میگا ایونٹ میں بھی اس وینیو پر 2 مقابلوں کا انعقاد ہوا، یہاں ڈیوڈ گاور، سارو گنگولی اور راہول ڈریوڈ سنچریاں بنا چکے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹاؤنٹن میں پہلی بار ون ڈے میچز کھیلیں گی۔

پاکستانی اسٹار اظہرعلی کی کاؤنٹی سمرسٹ کا یہ ہوم گراؤنڈ ہے، اسے انگلش ویمن ٹیم کے آفیشل ہوم کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

 

The post بارش سے پاکستانی مہم پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل http://bit.ly/2XzgH8b