آن لائن ٹیکسی کی جعلی آئی ڈی بنا کر خواتین کو لوٹنے والے 4 ملزم گرفتار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

آن لائن ٹیکسی کی جعلی آئی ڈی بنا کر خواتین کو لوٹنے والے 4 ملزم گرفتار

کراچی: عزیز بھٹی پولیس نے آن لائن ٹیکسی کی جعلی آئی ڈی بنا کر خواتین کو ہراساں اور ان سے لوٹ مار کرنے والے انتہائی منظم گروہ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر کے موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ 3 جون کو لاہور سے کراچی آنے والی لڑکی کو آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور نے لوٹا تھا اور فرار ہو گیا جس کی درخواست عزیز بھٹی پولیس نے وصول کرتے ہوئے انتہائی مہارت سے اینٹی اسٹریٹ کرائم یونٹ کے ہمراہ کارروائی میں ایک ملزم اعجاز کو گرفتار کر کے موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے آن لائن ٹیکسی کے کیپٹن اعجاز کو دیگر 3 ساتھیوں ساجد ، فواد اور عمر سمیت گرفتار کیا ہے جبکہ ملزم اعجاز آن لائن ٹیکسی میں سفر کرنے والے شہریوں خصوصاً خواتین کو لوٹنے میں ملوث ہے ، ملزمان کے گروہ میں آن لائن ٹیکسی فرنچائز کا مالک عمر بھی ملوث ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ ان کا گروہ جعلی آن لائن ٹیکسی کی آئی ڈیز بنا کر معصوم شہری کا ڈیٹا کیپٹن کے ڈیٹا انٹری میں فیڈ کرتے تھے جبکہ ملزمان کا گروہ نیشنل ڈیٹا بیس میں بھی ردو بدل کرنے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان انتہائی چالاکی کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کی ویب سائٹ سے ڈرائیونگ لائسنس کو فوٹو شاپ کے ذریعے اسکین کر کے نادرا شناختی کارڈز میں ردو بدل کے علاوہ گاڑی نمبر، کیپٹن کی تصویر اور فون نمبر سمیت سب کچھ تبدیل کر دیتے تھے جس کے باعث شہری جعلی آن لائن ٹیکسی کے کیپٹن کی گاڑی میں سوار ہو جاتے تھے۔

گرفتار ملزم اعجاز کا تعلق جرائم پیشہ گھرانے سے ہے ، ملزم کے بھائی اور والد بھی ڈاکو اور ٹارگٹ کلر ہیں جو کہ اورنگی ٹاون میں کئی تھانوں کو مطلوب ہیں جبکہ ملزم اعجاز کا ایک بھائی مارا جا چکا ہے ، پولیس نے مذکورہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ خاتون نے پولیس کی فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایچ او عزیز بھٹی عدیل افضال اور اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس کے انچارج عمران گجر کی کاوشوں کو سراہاہے۔

The post آن لائن ٹیکسی کی جعلی آئی ڈی بنا کر خواتین کو لوٹنے والے 4 ملزم گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2RfOuku