اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ عوام کو مناسب قیمت پر معیاری ادویات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافے کے معاملے پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اور حکومت کی جانب سے عوام کو لوٹنے والی ادویات کی کمپنیوں کے خلاف کمر کس لی گئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ادویات کی قیمتوں پر اضافے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبائی دفاتر کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، قانون شکنوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کریک ڈائون کیا جائے، عوام کو مناسب قیمت پر اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
عامر کیانی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف گھیرا تنگ کرے اور پورے ملک میں کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔
ترجمان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق غیر قانونی طور پر اضافے میں ملوث 31 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اور زائد قیمت وصول کرنے والی کمپنیوں کی 143 ادویات بھی قبضے میں لےلی گئی ہیں، بھاری جرمانے کیے گئے، اور ان ادویات کی پروڈکشن بھی بند کر دی گئی ہے، جبکہ قانون شکنوں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات کیے جا رہے ہیں۔
The post ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2Ke7y2r
