کراچی: یوٹیوب اور وی لاگز کی شکل میں سائنس و ٹیکنالوجی نے سیاحت کو بھی ایک نیا رخ دے دیا ہے۔ یہ ’ یو ٹیوبر‘ یا ’ یو ٹیوب سیاح ‘ خود بھی نگر نگر گھومتے ہیں اور اپنے مداحوں ( فالوورز اور سبسکرائبرز ) کو بھی دنیا بھر کے دل کش مقامات اور مقامی ثقافتوں سے روشناس کراتے ہیں۔
حالیہ عرصے کے دوران پاکستانی ذرائع ابلاغ میں کئی غیرملکی ’ یوٹیوبرز‘ کا چرچا رہا۔ ان سیاحوں کی وڈیوز پاکستانی سرزمین پر پھیلے قدرتی حسن کو دنیا پر آشکارا کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام عالم پر یہ بھی واضح کر رہی ہیں کہ پاکستان کسی بھی مغربی ملک کی طرح غیرملکیوں کیلیے محفوظ ہے۔
ڈریو بنسکائی بھی پاکستان آنے والے ایک ایسے ہی سیاح ہیں۔ ان کا تعلق امریکی ریاست ایریزونا سے ہے۔ وہ اب تک 161 ممالک کی سیر کرچکے ہیں۔ اس فہرست میں پاکستان کا نمبر 162 ہے۔
ڈریوبنسکائی کو پاکستان آئے چند ہی روز ہوئے ہیں۔ اس عرصے میں انھوں نے پاکستانیوں کو سب سے زیادہ مہمان نواز پایا ہے۔ ڈریو کا کہناہے کہ اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے بعد اب تک میرا بٹوا بھرا ہوا ہے کیوں کہ کوئی مجھے کسی چیز کے لیے رقم خرچ نہیں کرنے دیتا۔ یہ وصف ڈریو کو پاکستان ہی میں نظر آیا ہے۔
ڈریو کا کہنا ہے کہ وہ کئی برسوں سے پاکستانی ویزا حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا، بالآخر یہاں موجود دوستوں کی مدد سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگیا۔
ڈریو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگ بے حد محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ امریکی سیاح کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے۔ امید ہے کہ ان کے چینل کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا اور یہاں آنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
The post پاک سرزمین کی دل کشی امریکی سیاح کو کھینچ لائی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2HV8XZ0