دبئی: کینیا کے دیہی علاقوں میں سائنس کی تعلیم دینے والے پیٹر تابیچائی کو دنیا کے بہترین استاد کا انعام دے دیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں ایک تقریب کے دوران کینیا کے نواحی علاقوں کے پسماندہ گھرانوں میں علم کی شمع روشن کرنے والے 36 سالہ سائنس ٹیچر پیٹر تابیچائی کو دنیا کے بہترین استاد کا انعام دے دیا گیا ہے۔
ورکلے فاؤنڈیشن کے تحت منعقدہ تقریب میں گلوبل ٹیچر پرائز 2019 کی انعامی رقم ایک ملین ڈالر رکھی گئی تھی، انعامی ٹرافی دبئی کے ولی عہد حمدان بن محمد نے پیش کی۔ انعام حاصل کرنے والے استاد پیٹر نے انعامی رقم کو طلبا کی بہبود میں استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیٹر تابیچائی نا صرف ایک ماہر استاد ہیں بلکہ وہ اپنی تنخواہ کا 80 فیصد حصہ غریب طلبا کی تعلیم میں صرف کر دیتے ہیں، اپنی اس خدمت کے باعث انہیں صرف کینیا ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پیٹر کینیا کے بچوں کا مستقبل سائنس میں دیکھتے ہیں جس کے لیے وہ دن رات کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹر تابیچائی کینیا کے پسماندہ گاؤں پوانی کے کیریکو سیکنڈری اسکول میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں جہاں طالب علم یونیفارم اور کتابیں خریدنے سے بھی قاصر ہیں۔
The post دنیا کے بہترین استاد کا انعام، کینیا کے سائنس ٹیچر کے نام appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2usl8EQ