بھارتی کرکٹرز ’’جنٹلمین گیم‘‘ کو داغدار کرنے لگے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بھارتی کرکٹرز ’’جنٹلمین گیم‘‘ کو داغدار کرنے لگے

 لاہور: بھارتی کرکٹرز ’’جنٹلمین گیم‘‘ کو داغدار کرنے لگے جب کہ آئی پی ایل میں جوز بٹلر کے متنازع رن آؤٹ نے نئی بحث چھیڑ دی۔

جے پور میں منعقدہ میچ میں راجستھان رائلز کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی جانب سے دیے جانے والے 185 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 12 اوورز میں ایک وکٹ پر 105 رنز بنا چکی تھی، روی چندرن ایشون اپنا آخری اوور کرنے آئے تو جوز بٹلر کریز سے باہر تھے وہ پھسل بھی گئے، اسپنر نے گیند پھینکنے کے بجائے بیلز اڑا دیں، تھرڈ امپائر نے کافی دیر کے بعد مانکیڈ قانون کے مطابق جوزبٹلر کو رن آؤٹ قرار دیا۔

اس فیصلے کے بعد بٹلر اور ایشون کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، متاثرہ بیٹسمین ڈگ آؤٹ میں بھی چیختے چلاتے نظر آئے،کنگز الیون پنجاب نے میچ تو 14رنز سے جیت لیا لیکن ایشون کی یہ حرکت موضوع بحث بن گئی، بیشتر کا کہنا تھا کہ میزبان اسپنر نے اسپورٹسمین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔

ایشون نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس صورتحال میں یہ ایک فطری ردعمل تھا، میں نے پہلے سے کوئی پلان نہیں کیا، کرکٹ قوانین میں اس طرح کا رن آؤٹ درست ہے تو اس میں اسپورٹسمین اسپرٹ کا معاملہ کہاں سے آگیا۔

کرکٹ میں مانکیڈنگ کی اصطلاح 1947 میں متعارف ہوئی

مانکیڈنگ کی اصطلاح 1947 میں متعارف ہوئی، بھارتی بولر وینو مانکیڈ نے آسٹریلوی کھلاڑی بل براؤن کو 2بار اس انداز میں آؤٹ کیا۔ اس وقت آسٹریلیا کے کپتان ڈان بریڈ مین نے مانکیڈ کی حمایت کردی جبکہ آسٹریلوی میڈیا نے بھارت اور وینو مانکیڈ پر کرکٹ کی اسپرٹ مجروع کرنے کا الزام عائد کیا، مانکیڈنگ قانون کے مطابق بولر گیند کو ہاتھ سے چھوڑنے والا ہو اور اس وقت اگر نان اسٹرائیکر اپنی کریز سے باہر ہو تو اسے رن آؤٹ کیا جا سکتا ہے۔

اس بات پر بحث ہوتی رہی ہے کہ ’’گیند کو ہاتھ سے چھوڑنے والا ہے‘‘ والی شق ہر فرد کے لیے الگ الگ ہو سکتی ہے،اس حوالے سے قانون میں سقم موجود اورناقدین کے مطابق گیند ریلیز کرنے کی بات تو درکنار روی چندرن ایشون تو گیند پھینکنے کے لیے تیار بھی نہیں تھے۔

ایشون کی حرکت پرسابق کرکٹ اسٹارز دنگ رہ گئے

سابق کرکٹ اسٹارز ایشون کی حرکت پردنگ رہ گئے،اکثریت نے اسے اسپورٹسمین اسپرٹ کے منافی قرار دیا،چند نے اس قانون پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے کہاکہ بحیثیت کپتان اورانسان ایشون نے بہت مایوس کیا، ان کا گیند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اس لیے اسے ڈیڈ بال قرار دینا چاہیے تھا،انھوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں شرکت کرنے والا ہر کپتان کھیل کی اسپرٹ کو برقرار رکھنے کے معاہدے پر دستخط کرتا ہے، ایک ناپسندیدہ عمل کو کس طرح پسندیدہ قرار دیاجا سکتا ہے۔ اگر آئوٹ ہونے والا ویرات کوہلی ہوتا توکیا پھر بھی ایشون اور دیگر اس عمل کی حمایت کرتے؟

شین وارن نے مزید کہا کہ ایک کپتان ہونے کی حیثیت سے آپ وہ معیار طے کرتے ہیں جس کے مطابق ٹیم کھیلنا چاہتی ہے، اس طرح کی شرمناک اور گھٹیا حرکت کیوں کرتے جیساکہ آج کے میچ میں کی گئی؟ شین وارن نے ایشون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں اپنے آپ میں رہنا چاہیے اور ہاں مسٹر ایشون! تمہاری اطلاع کیلیے عرض ہے کہ معافی مانگنے کا وقت گزر گیا، تمہیں ہمیشہ اس گھٹیا حرکت کیلیے یاد رکھا جائے گا۔

انگلش بیٹسمین ای این مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں غلط مثال قائم کی گئی، ایک وقت آئے گا جب ایشون کو اپنے کیے پر افسوس ہوگا۔سابق کیوی آل راؤنڈر اسکاٹ سٹائرس نے کہا کہ اس تنازع میں جوز بٹلراور نہ ایشون کا قصور ہے، اسپنر اپیل کا حق رکھتے تھے، شاید ٹی وی امپائر نے غلط آؤٹ دیا، اسے ڈیڈ بال قرار دینا چاہیے تھا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز نے کہاکہ ایشون کو الزام نہ دیں،کرکٹ کے قانون میں اس طرح کا آؤٹ درست ہے، یہ کس طرح کھیل کی اسپرٹ کے خلاف ہے، اس طرح کا قانون بنانے والوں کو مورد الزام ٹھہرائیں۔

The post بھارتی کرکٹرز ’’جنٹلمین گیم‘‘ کو داغدار کرنے لگے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2FytLma