لاہور: فٹنس ٹیسٹ ایک بار پھر ورلڈکپ کے امیدواروں کا منتظر ہے تاہم 14اپریل کو جانچ کی جائے گی۔
ورلڈکپ میں شرکت کے امیدواروں کی فٹنس 14اپریل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پرکھی جائے گی، ابوظبی میں آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ون ڈے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بتایا کہ قومی کرکٹرز کی فٹنس میں بہتری آئی ہے لیکن ابھی مزید کام کرنا ہوگا، قومی ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کیلیے 23اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی،اس سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے جس میں پاس ہونا ضروری ہے۔
چیمپئنز ٹرافی2017کے اسکواڈ میں شامل عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے وطن واپس بھجوا دیا تھا، پاور ہٹر کی متلاشی منیجمنٹ اور سلیکٹرز نے مڈل آرڈر بیٹسمین کو کینگروز سے آزمائشی سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمر اکمل کی فٹنس پر اب بھی شکوک موجود ہیں،آرتھر نے کہا کہ عمراکمل اچھی تیاری کے ساتھ یو اے ای آئے، ڈسلپن کے حوالے سے بھی ان میں تبدیلی آئی ہے،وہ ایک عرصے بعد ٹیم میں شامل ہوئے اور اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہمیں ان سے کس طرح کی توقعات ہیں۔
یاد رہے کہ میگا ایونٹ سے قبل پاکستان کو میزبان انگلینڈ کیخلاف سیریز بھی کھیلنا ہے، دونوں ٹیموں کے مابین واحد ٹی ٹوئنٹی5مئی کو کھیلا جائے گا،بعد ازاں 5ون ڈے میچز 8سے 19مئی تک شیڈول ہیں۔ انگلینڈ میں ورلڈ کپ کا آغاز 30مئی کو اوول میں میزبان اور جنوبی افریقہ کے مابین میچ سے ہوگا۔
The post فٹنس ٹیسٹ ورلڈکپ کے پاکستانی امیدواروں کا منتظر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2HHk6NJ