اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شہری علاقوں میں زمین کے انتقال میں پٹوار خانوں کے کردار پر پابندی عائد کردی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تحصیلدار پٹواریوں کی ذمہ داریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ لاہور میں زمین کے انتقال بند کر دیتے ہیں، جب انتقال نہیں ہوں گے تو پیسے لینے والے خود ہی مر جائیں گے، پنجاب میں زبانی زمین کے انتقال ہو رہے ہیں، آج تک حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، دنیا چاند پر چلی گئی لیکن آج بھی پٹواری رجسٹر لیکر گھوم رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کیس میں مختصر حکمنامہ سناتے ہوئے اربن علاقوں میں زمین کے انتقال میں پٹوار خانوں کے کردار پر پابندی عائد کرتے ہوئے زمینوں کے زبانی انتقال پر بھی پابندی عائد کردی، عدالت نے حکمنامے میں کہا کہ شہری علاقوں میں پٹوار خانے کا کام صرف ریکارڈ رکھنے تک محدود ہوگا جب کہ زمین کا انتقال ٹرانسفر آف لینڈ ایکٹ اور رجسٹریشن ایکٹ کے تحت ہی ہوگا۔
The post شہری علاقوں میں زمین کے انتقال میں پٹواریوں کے کردار پر پابندی عائد appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2BZ3rjH