دبئی: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ہر معاملے پر پاک فوج سے کھل کر بات کر سکتی ہے۔
خلیجی اخبار”گلف نیوز” کو دیے گئے انٹریو میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت، امریکا، افغانستان اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات پر پاکستان کی حکمت عملی واضح ہے، وزیر اعظم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت تمام خلیجی ممالک سے قریبی تعلقات چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت میں انتخابات کے بعد نریندرا مودی کی حکومت آئے یا راہول گاندھی کی، ہم دونوں سے ہی مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن انتخابات سے پہلے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ کرتار پُور راہ داری کھلنے سے نا صرف سکھ یاتریوں کیلئے آسانی پیدا ہوئی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب ہوا، امریکی صدر نے بھی پاکستان کی اس کاوش کو سراہا ہے، افغانستان میں امن پاکستان کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے جب کہ افغانستان امن مذاکرات کے بعد وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات متوقع ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ہر معاملے پر پاک فوج سے کھل کر بات کرسکتی ہے جب کہ ماضی میں سویلین حکومتیں اور آرمی ایک دوسرے سے کھل کر بات نہیں کر پاتے تھے۔
The post حکومت ہرمعاملے پرفوج سے کھل کر بات کر سکتی ہے، فواد چوہدری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2B2yH1d