کراچی: ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں کو خوبصورت اور اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے شہر کے معروف ماہرین تعمیرات، ہیریٹیج، باغ بانی شہری امور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی مشاورت سے ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی بحالی پر کام کیاجائے گا۔
کمیٹی کا پہلا اجلاس کمشنر ہاؤس میں میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کی صدارت میں ہوا جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمنٰ، تعمیرات اور باغ بانی کے ماہرین لیاقت علی خان، شاہد فیروز، یاور عباس، شاہد عبداللہ، طارق ہدیٰ، محمد عاصم، کومل پرویز، دوریہ قاضی، ماروی مظہر سمیت ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا نے شرکت کی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن نے اجلاس کوبتایاکہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے کام کو2 فیز میں مکمل کیا جائے گا۔
جس کے پہلے مرحلے میں عمارت کے اندرونی حصے اور بعدازاں باہر اطراف کے حصے کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، ایمپریس مارکیٹ کے اطراف موجودہ زمین ایمپریس مارکیٹ سمیت تقریباً 5 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جبکہ عمارت کے 4دروازے ہیں ان 4 دروازوں کے باہر جو پارک بنائے جائیں گے ان میں داخلے کے لیے بھی خوبصورت گیٹ بنائے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مزید بنائے جانے والے دروازے اور فینسنگ گرل کو ایمپریس مارکیٹ کے رنگ جیسی اور اس سے مماثلت پر بنایا جائے جبکہ پارک میں واک ویز بھی بنائے جائیں گے اور عمدہ قسم کی ٹائلیں استعمال کی جائیں گی جن کے درمیان گھاس بھی ہوگی۔
انھوں نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کو نمایاں اور روشن رکھنے کے لیے سڑک کے دوسری جانب لائٹس نصب کرکے روشنی ڈالی جائے گی تاکہ یہ عمارت آنے جانے والوں کو دور سے ہی چمکتی ہوئی اور روشن نظر آئے، ماہرین نے کہا کہ کراچی واحد شہر ہے جس کو انگریزوں نے ٹاؤن پلاننگ کے تحت تعمیر کر کے برصغیر کے نقشے میں ایک نئے شہر کا اضافہ کیا، باقی شہروں پر انگریزوں نے قبضہ کیا تھا جبکہ کراچی کو ایک نئے شہر کے طور پر آبادکیاگیا اسی لیے کراچی منفرد تعمیرات کا حامل اور خوبصورت ہے۔
اس کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں لہٰذا اس کی بحالی بڑے احتیاط کے ساتھ ہونا چاہیے،میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیے مشاورت کے عمل کے ساتھ ہوم ورک بھی جاری ہے، یہاںمنظور شدہ پلان کے تحت ہونے والے کاموں کے حوالے سے نقشے کے 2بڑے بورڈ آویزاں کیے جائیں گے تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو معلوم ہوسکے کہ یہاں کیا کام ہورہا ہے انھوںنے کہاکہ ایمپریس مارکیٹ کے باہر خوبصورت فینسنگ گرل بھی لگائی جائے گی۔
جس کا ڈیزائن اس طرح ہوگا کہ باہر سے گزرنے والے لوگوں کو اندر کا منظر واضح طور پر نظر آئے گا، ایمپریس مارکیٹ کی اصل خوبصورتی اور بحالی کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں، ایمپریس مارکیٹ کو اس کی اصل حالت میں برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس بنیاد پر کام کیا جائے گا تاکہ یہ عمارت اس شہر کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے اور یہاں آکر لوگ خوشی محسوس کریں، انھوں نے مزید کہاکہ تجاوزات چاہے کہیں بھی ہوں کبھی بھی شہر کی خوبصورتی میں اضافہ نہیں کرسکتے، تجاوزات سے پاک اور صاف ستھرا شہر ہی اپنی جانب دوسروں کی توجہ مبذول کراتا ہے، کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے لیے انتظامیہ تمام اداروں کے ساتھ ہے۔
The post تاریخی ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کیلیے کمیٹی تشکیل appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان http://bit.ly/2Cypor7