کراچی: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم میں بری طرح سے ناکام ہوگئے ہیں شہر میں پانی کا بحران خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے۔
واٹر بورڈ کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور لاپروائی کے باعث اورنگی ٹاؤن میں گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کے بدترین بحران نے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے پیر کو مشتعل مکینوں کی بڑی تعداد نے بنارس پل پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردیا اور واٹر بورڈ حکام کے خلاف نعرے لگائے، مکینوں کا کہنا تھا کہ پانی کی عدم فراہمی نے معمولات زندگی مفلوج کردیے ہیں۔
احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہونے سے بنارس پل اور ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک بحال کرادیا۔
نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں لطیف نگر ، سرسید ٹاؤن ، کلیانہ ٹاؤن، مسلم ٹاؤن ، الیون بی ، الیون اے اور دیگر علاقوں میں بھی پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے مکینوں کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نارتھ کراچی کے مکینوں کا کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر کے حصول کے لیے مارے مارے گھوم رہے ہیں واٹر ٹینکر منہ مانگی قیمت پر فروخت کیے جارہے ہیں۔
The post شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2F6B0oE
