لندن: اسپاٹ فکسنگ کیس میں تحقیقات آگے بڑھانے کیلیے الجزیرہ ٹی وی نے انٹرپول سے رابطہ کرلیا۔
الجزیرہ ٹی وی کی دستاویزی فلم میں کرکٹ کرپشن کو بے نقاب کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ 15 انٹرنیشنل میچز میں 2 درجن کے قریب فکسنگ کے واقعات ہوئے،ان میں7 انگلینڈ،5 آسٹریلوی اور 3پاکستانی کرکٹرز ملوث ہیں۔
اس اسکینڈل پر کام کرنے والے رپورٹر ڈیوڈ ہیریسن نے ایک انٹرویو میں کہاکہ الجزیرہ ٹی وی انٹرپول کے ساتھ رابطے میں ہے، ہم ادارے کے حکام کو شواہد فراہم کرنا چاہتے ہیں، الزامات کی تفصیل اور ثبوت انٹرپول کو فراہم کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ بطور صحافی ہمارے لیے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنا ممکن نہیں،اس ضمن میں ادارہ مدد فراہم کر سکتا ہے۔
انھوں نے ایک بار پھر اصرار کیا کہ ہمارے پاس فکسنگ کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں،آئی سی سی اور متعلقہ بورڈز کو کرکٹرز کے نام دے دیے،وہ تمام تفصیلات کے آگاہ ہیں، فکسرز اور بکیز موجود اور بدعنوانی کے شواہد سامنے ہیں، الزامات ثابت کرنے کیلیے ہر سوال کا جواب موجود ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی کے جنرل منیجر اینٹی کرپشن یونٹ الیکس مارشل نے کہاکہ ہماری تحقیقات جاری اور ہم الجزیرہ کی طرف سے مکمل معاونت چاہتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں کہ کونسل کرکٹ میں بدعنوانی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیتی۔
The post تحقیقات آگے بڑھانے کیلیے الجزیرہ ٹی وی کا انٹرپول سے رابطہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2CGmgKu