سرگودھا: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں تاہم پیپلزپارٹی عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔
سرگودھا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، عوام نے اس امید کے ساتھ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا کہ تبدیلی آئے گی، عمران خان نے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے اور 50 لاکھ گھر بنائیں گے تاہم پرانے بجٹ سے عوام بہت مایوس ہوئے، ضمنی بجٹ میں روزگار کا ذکر ہے اور نہ نیا انقلابی قدم اٹھایا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں تعلیم اور صحت سمیت ہر جگہ کٹ لگایا گیا، گیس اور بجلی پر ٹیکس میں اضافے سےغریب عوام متاثر ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت کی کوشش ہے کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں تاہم پیپلزپارٹی عوامی مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات اقوام متحدہ، اسکاٹ لینڈ یارڈ سمیت دیگر قومی اداروں نے کی، جس کیس کا فیصلہ جلد آنا چاہیے تھا وہ کیس 10 سال چلا اور فیصلے میں دہشت گرد اور سہولت کاروں کو رہا کردیا گیا جب کہ فیصلے میں ملزمان کو کلین چٹ اور پرویز مشرف کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔
The post حکومت کی کوشش ہے اصل مسائل سے توجہ ہٹاکر ڈرامے بازی کرتے رہیں، بلاول appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2zTqNqV