مخالف سمت میں گاڑی چلانے والے 69 ڈرائیور گرفتار، گاڑیاں ضبط - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

مخالف سمت میں گاڑی چلانے والے 69 ڈرائیور گرفتار، گاڑیاں ضبط

کراچی: ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر مخالف سمت میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف نئی مہم شروع کردی، مہم کے تحت مخالف سمت (رانگ وے) پر گاڑیاں چلانے والے 69 ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے 69 گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں۔

ٹریفک پولیس نے نئی مہم کے تحت سڑکوں پر مخالف سمت (رانگ وے) آنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی شہر بھر میں شروع کردی اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ٹریفک پولیس کو حکم دیا ہے کہ مخالف سمت میں آنے والے افراد کو نہ صرف گرفتار کیا جائے بلکہ ان کی گاڑیاں بھی ضبط کی جائیں۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے تحت نہ صرف بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر قابو پانا ہے بلکہ خود شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے، احکامات ملتے ہی ٹریفک پولیس نے کارروائی شروع کرکے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا  اس سلسلے میں پہلی کارروائی گلشن اقبال میں کی گئی جہاں موتی محل کے قریب فلائی اوور کے نیچے سے ڈرائیور گاڑیاں مخالف سمت میں چلارہے تھے۔

سیکشن آفیسر (ایس او) گلشن اقبال غلام علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ پہلی گرفتاری ایک موٹرسائیکل سوار اس کے بعد رکشا ڈرائیور کی گرفتاری کی گئی اس دوران کاروں اور موٹرسائیکلوں سمیت کئی گاڑیاں ضبط کرلی گئیں اور ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا، گرفتار شدگان میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھا جبکہ اس کی سرکاری موٹر سائیکل بھی ضبط کرلی گئی۔

مقدمے میں دفعہ 279 لگائی گئی ہے جوکہ غفلت اور لاپروائی کے مرتکب افراد پر عائد کی جاتی ہے، دفعہ 279 کے تحت لاپروائی سے کسی عوامی مقام پر ڈرائیونگ کرنا جس سے نہ صرف اپنی بلکہ دوسرے کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اس سنگین جرم کی سزا میں جرمانہ،گاڑی کی ضبطگی اور قید شامل ہے۔

منگل کو شہر کے مختلف مقامات پر مخالف سمت میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری تھیں اور مجموعی طور پر پورے شہر میں منگل کی شام تک شاہراہوں اور سڑکوں پر مخالف سمت گاڑیاں چلانے والے 69 ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کردیا گیا اور ان کی 69 گاڑیاں ضبط کرلی گئیں اور ان کے خلاف سرکاری مدعیت میں 69 مقدمات بھی درج کرلی گئے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق مہم کے پہلے روز کارروائی کے دوران مجموعی طور پر6 ہزار 207 چالان کیے گئے جس کے تحت9 لاکھ31 ہزار50 روپے کی رقم بطور جرمانہ خزانے میں جمع ہوگئی، ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی نہ صرف ٹریفک حادثات کا سدباب ہوسکتا ہے بلکہ خود شہریوںکے جان ومال کا تحفظ ہوتا ہے جلد بازی میں اکثر حادثات ہی ہوتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کی مہم پر شہریوں نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بالکل صحیح ہے کیونکہ دنیا بھر میں قوانین اور خصوصاً ٹریفک قوانین پر ہر شہری عمل کرتا ہے لیکن پاکستان اور خصوصاً کراچی میں شہریوں نے مخالف سمت میں چلنا اپنا حق ہی سمجھ لیا تھا، ٹریفک پولیس کا یہ اقدام بالکل درست ہے۔

چند ڈرائیوروں نے بتایا کہ کئی مقامات پر یوٹرن نہ ہونے کے باعث یا یوٹرن بہت دور ہونے کی وجہ سے وہ مخالف سمت میں جاتے ہیں لیکن یہ عمل بھی ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

 

The post مخالف سمت میں گاڑی چلانے والے 69 ڈرائیور گرفتار، گاڑیاں ضبط appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2ILTOb0