محکمہ کالج ایجوکیشن؛ گریڈ 17، 18کے تمام تبادلے اور تقرریاں منسوخ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

محکمہ کالج ایجوکیشن؛ گریڈ 17، 18کے تمام تبادلے اور تقرریاں منسوخ

 کراچی:  حکومت سندھ نے جولائی کے آخر سے ستمبر کی ابتدا تک محکمہ کالج ایجوکیشن میں وزیر تعلیم کی منظوری کے بغیرکیے گئے گریڈ 17 اور 18کے تمام تبادلے اور تقرریاں منسوخ کر دی ہیں۔

سیکریٹری کالج ایجوکیشن پرویز احمد سیہڑ نے 27 جولائی سے 2 ستمبر 2018 کے درمیان کیے گئے ان تبادلوں اور تقرریوں کی تنسیخ کرتے ہوئے ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ تبادلے اور تقرریاں ’’مجاز اتھارٹی‘‘ کی منظوری سے منسوخ کیے گئے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوںگے اور متعلقہ افسران فوری طور پراپنی پرانی پوسٹنگ پر جوائننگ دیں۔

یاد رہے کہ یہ تبادلے و تقرریاں اس وقت کی سیکریٹری کالج ایجوکیشن لبنیٰ صلاح الدین کی جانب سے کی گئی تھیں اور زیادہ ترتبادلے لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرزکے کیے گئے تھے۔

’’ایکسپریس‘‘کومحکمہ کالج ایجوکیشن کے ذرائع نے بتایاکہ ان تمام تقرریوں میں وزیر تعلیم کی منظوری شامل ہی نہیں تھی اور تبادلوں وتقرریوں کے لیے بنائی گئی سمریاں وزیرتعلیم کی پیشگی منظوری کے بغیر نوٹیفیکیشن کی صورت میں جاری ہوتی رہیں۔ ان تبادلوں کی تعداد 150کے قریب بتائی جارہی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ زیادہ تر تبادلے اندرون سندھ کے مضافاتی کالجوں سے حیدرآباد کے کالجوں میں کیے گئے جبکہ کراچی کے بعض کالجوں سے بھی تبادلے حیدرآبادکے سرکاری کالجوں میں کرائے گئے جس کے سبب اندرون سندھ کے مضافاتی علاقوں میں قائم سرکاری کالجوں میں اساتذہ کی شدید قلت پیداہوگئی۔

یہ وہ کالج تھے جہاں اساتذہ پہلے ہی سیکشن پوسٹ سے کم تعداد میں تعینات تھے تاہم تبادلوں کے بعدیہ کالج خالی ہوگئے جبکہ حیدرآبادکے بیشتر سرکاری کالجوں میں سیکشن اسامیوں سے زیادہ تعداد میں اساتذہ تعینات کردیے گئے ۔ محتاط اندازے کے مطابق حیدرآباد کے 21سرکاری کالجوں میں 200سے زائد اضافی اساتذہ تعینات ہوگئے۔

’’ایکسپریس‘‘کے رابطہ کرنے پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن پرویزاحمد سیہڑنے تصدیق کی کہ ان تبادلوں سے سندھ کے مضافاتی علاقوں میں قائم کئی کالج اساتذہ سے خالی ہوگئے ہیں جبکہ ان کالجوں میں پہلے ہی اساتذہ کی کمی کی شکایات تھیں۔

The post محکمہ کالج ایجوکیشن؛ گریڈ 17، 18کے تمام تبادلے اور تقرریاں منسوخ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2CTlRFl