اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع کشمیر کا ہے اس کے بغیر پاک بھارت مذاکرات ادھورے ہوں گے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت نے مذاکرات مسترد کرنے کے لیے جو بہانہ بنایا اس کا تعلق بھارت کے اندرونی مسائل سے ہے جب کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاک بھارت مذاکرات ادھورے ہوں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کو اپنے گریبان میں دیکھنا چاہیے کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، اگر بھارت کا یہی رویہ رہا تو ہم جواب دینا جانتے ہیں۔
دریں اثنا بھارتی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا رافیل اسکینڈل میں نام آیا ہے، اس ایشو سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پاک بھارت مسئلہ اٹھا دیا گیا ہے، فرانس کے ساتھ رافیل طیاروں کی متنازع ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے لیے پاناما اسکینڈل جیسی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں اگر بم چل گئے تو گھاس بھی نہیں بچے گی۔ انہوں نے بھارتی نیوز چینل کو انٹرویو میں شہید برہان وانی کو آزادی کا مجاہد بھی قرار دیا۔
The post کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، فواد چوہدری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2PYc03x