ساف فٹبال؛ پاکستان آج بھوٹان کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ساف فٹبال؛ پاکستان آج بھوٹان کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گا

ڈھاکا:  ساف فٹبال کپ میں پاکستانی ٹیم گروپ کا تیسرا اور آخری میچ ہفتے کو بھوٹان سے کھیلے گی۔

سردست گروپ ’ اے ‘ میں پاکستان اور نیپال دونوں ٹیموں کے یکساں طور پر ایک میچ میں فتح اور ایک میں شکست کے بعد 3،3 پوائنٹس ہیں تاہم نیپالی سائیڈ کو بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پاکستان پر سبقت حاصل ہے، پاکستانی ٹیم نے دو میچز میں دو گول کیے جبکہ دو گول ان کیخلاف بنے ، اس کے برعکس نیپالی ٹیم نے اب تک منعقدہ اپنے دو میچز میں 5 گول کیے جبکہ 2 ان کیخلاف اسکور ہوئے، ہفتے کو گروپ کا دوسرا اور آخری مقابلہ میزبان بنگلہ دیش اور نیپال کے درمیان ہوگا۔

قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنے سفر کی فاتحانہ شروعات کرتے ہوئے نیپال کو 2-1 سے زیرکیا تاہم بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے میچ میں گرین شرٹس کو میزبان بنگلہ الیون نے 1-0 سے ہرادیا تھا، نیپال نے بھوٹان کیخلاف 4-0 سے کامیابی کی بدولت گول اوسط کو بہتر بنارکھا ہے۔

دوسری جانب گروپ ’ بی ‘ میں تین سائیڈز بھارت، مالدیپ اور سری لنکا شامل ہے۔ بھارت نے اپنے ابتدائی معرکے میں سری لنکا کو 2-1 سے قابوکر کے پوزیشن مضبوط بنالی ہے، ہرگروپ سے دو ٹاپ سائیڈز سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرپائیں گی، جو 12 ستمبر کو شیڈول ہیں جبکہ ٹرافی میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائیگا۔

ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی اب تک کی بہترین کارکردگی 1997 میں تیسری پوزیشن کا حصول رہی ہے، اس سے قبل پاکستان نے آخری بار اس علاقائی ایونٹ میں 2013 میں شرکت کی تھی، تاہم اس کے بعد پی ایف ایف کی اندورنی سیاست کے سبب پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل ایونٹس سے باہر رہی ہے۔

The post ساف فٹبال؛ پاکستان آج بھوٹان کیخلاف بقا کی جنگ لڑے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2O2CzUM