جاپان سے ناکامی کا اب تک یقین نہیں آرہا، ہاکی کپتان - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

جاپان سے ناکامی کا اب تک یقین نہیں آرہا، ہاکی کپتان

 کراچی:  قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں جاپان سے شکست پر وہ سخت افسردہ ہیں، ان کو اب تک اس ناکامی پر یقین نہیں آرہا۔

رضوان سینئر نے ہالینڈ سے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ شکست کے بعد کھلاڑیوں کی کمٹمنٹ پر جو سوالات اٹھائے گئے ان پر انھیں بہت دکھ ہے کیونکہ کوئی بھی جان بوجھ کر ہارنے کے لیے میدان میں نہیں اترتا، جتنا کسی بھی دوسرے شخص کو پاکستانی ٹیم کی شکست پر دکھ ہے اس سے کہیں زیادہ دکھ کھلاڑیوں کو ہے۔ ہم نے کراچی کی گرمی اور حبس میں سخت ٹریننگ کے بعد ہم پورے جذبے کے ساتھ ایشین گیمز میں شریک ہوئے تھے۔

انھوں نے کہاکہ ایونٹ میں بھارت کی شکست کے بعد کھلاڑی ذہنی طور پر مطمئن ہوگئے تھے، کیونکہ بھارت کا میچ ہم سے پہلے تھا اور ان کی ناکامی کے بعد ہمیں یقین تھا کہ ٹائٹل حاصل کرنے میں سرخرو ہوں گے، ہم نے پہلا کوارٹر اسٹارٹ کیا جو اتنا اچھا نہیں تھا، ہم پر ایک گول شارٹ کارنر پر ہوگیا، دوسرے کوارٹر میں ہمیں مواقع ملے جن سے ہم فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ ہم نے میچ برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ہم کامیاب نہیں ہوسکے۔

کپتان رضوان سینئر ایشین گیمز کے بعد ڈچ ہاکی لیگ کھیلنے ہالینڈ پہنچے ہیں جہاں وہ سات سال سے اورنج روڈ کلب کی نمائندگی کررہے ہیں۔ یہ ٹیم لگاتار تین بار ڈچ لیگ جیتنے کے علاوہ ایک مرتبہ یورپین لیگ کی فاتح بھی بنی ہے۔

واضح رہے کہ ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں جاپان کے خلاف شکست کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے کہا تھا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ٹیم کیوں جذبے کے بغیر کھیلی، کھلاڑیوں میں نہ سخت محنت نظر آئی اور نہ ہی ٹیم متحد ہو کر کوشش کرتی نظر آئی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ نوید عالم نے بھی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انھوں نے کہا کہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو تمام سہولتیں فراہم کیں لیکن ان کھلاڑیوں کو یہ احساس نہیں ہوا کہ جاپان سے میچ ہار کر ہم گولڈ میڈل سے دور ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ منیجر کی جانب سے امپائرنگ کو مورد الزام ٹھہرا دینے سے پاکستان کی ہاکی کو نقصان پہنچا ہے۔

The post جاپان سے ناکامی کا اب تک یقین نہیں آرہا، ہاکی کپتان appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2M3UB7b