کراچی: پاکستان کے انٹرنیشنل کیوئسٹ اورسیڈ 2 بابر مسیح نے تیسری قومی اسنوکرچیمپئن شپ جیت لی۔
پاکستان اسنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے تحت ملک کے ٹاپ 24 کھلاڑیوں کے درمیان کھیلی جانے والی تیسری قومی رینکنگ اسنوکرچیمپئن شپ پنجاب کے بابرمسیح نے جیت لی، کراچی جیمخانہ پر منعقدہ چیمپئن شپ کا فائنل15 فریمز پر مشتمل تھا، ٹرافی کے لیے ہونے والے 5 گھنٹے تک جاری رہنے والے معرکے میں بابر مسیح اور ان سیڈڈ آصف ٹوبہ کے درمیان 10 فریمز تک جان توڑ مقابلہ ہوا۔
اس موقع پر میچ 5-5 سے برابرتھا، تاہم اس کے بعد راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ سیڈڈ بابر مسیح نے کھیل پر اپنی مکمل گرفت حاصل کرلی اورمدمقابل کو بری طرح بے بس کرتے ہوئے اگلے تینوں فریمز جیت کر 8-5 کے اسکور کے ساتھ فتح اپنے نام کرلی۔
عالمی اورایشین ٹیم ایونٹ جیتنے والی پاکستانی سائیڈ کے رکن بابر مسیح نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن و ٹاپ سیڈ محمد آصف کواپ سیٹ شکست دی تھی جبکہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی سابق قومی چیمپئن آصف ٹوبہ نے خیبر پختونخوا کے کیوئسٹ شرجیل محمود کوقابوکرکے فائنل میں جگہ بنائی تھی، بعدازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔
اس موقع پر طاہر احمد مہمان خصوصی تھے، چیمپئن شپ کے فاتح کوٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا جبکہ رنر اپ نے ٹرافی اور 40 ہزار روپے وصول کیے، سیمی فائنلسٹ کھلاڑیوں کو30،30 ہزار جبکہ کوارٹر فائنل میں سفر ختم کرنے والے ذوالفقار اے قادر، حارث طاہر، شاہدآفتاب اور رامبیل گل 20،20 ہزار روپے انعام کے مستحق قرار پائے، 118 کے اسکور کے ساتھ ہائی ایسٹ بریک کھیلنے والے محمد ماجد علی کو 5 ہزار روپے کا خصوصی انعام دیا گیا۔
تقریب میں قومی اسنوکر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ، صدر منور شیخ، نوید کپاڈیہ اور کراچی جیمخانہ کے صدراکبر اقبال پوری و دیگر موجود تھے۔
The post قومی رینکنگ اسنوکر، بابر مسیح چیمپئن بن گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2PKmvHo