ہنوئی: ویت نام میں خوش بختی کی علامت سمجھے جانے والے ہاتھی کی دم کے ایک بال کی قیمت 20 امریکی ڈالر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ویت نام میں ہاتھی کی دم کے بال کو ’خوش بختی‘ کی علامت سمجھا جاتا ہے، اور وہاں کے باسیوں میں یہ تاثر عام ہے کہ ہاتھی کی دُم کے بال خوش قسمتی اور دولت کی علامت ہیں جس کے پاس ہاتھی کی دم کا بال ہوگا وہ زیادہ مال دار اور خوش قسمت ہوگا۔
ویت نام میں جنگلی جانوروں کے اعضا مثلا ہرن کے سینگ، چیتے کے دانتوں اور ریچھ کی کھال کی اسمگلنگ پر پابندی ہے اس لیے بھی ہاتھی کی دم کے بال کی خریدو فروخت ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے اور محض ایک بال 20 امریکی ڈالر میں فروخت ہوتا ہے۔ خواتین و مرد ہاتھی کی دموں کے بال زیورات کی تیاری میں استعمال کرتے ہیں۔
دوسری جانب حیوانوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ’اینیملز ایگا‘ کی رکن دیون سلاگٹر نے ہاتھی کی دم سے بال نکالنے کے عمل کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دم ہاتھی کی جسمانی صفائی کے لیے اہم ہوتی ہے دم کو کاٹنے یا اس کے بال نکالنے سے جانور معذور ہوجاتے ہیں۔
این جی او کا کہنا ہے کہ ہاتھی کی دمیں زیادہ تر پڑوسی ممالک یا افریقا سے اسمگل کی جاتی ہیں،اس وقت ویت نام میں 80 پالتو اور ایک سو کے قریب جنگلی ہاتھی موجود ہیں۔
The post ہاتھی کی دم کے ایک بال کی قیمت 20 ڈالر appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2N0c2Gd