بیجنگ: چین کی ایک 6 سالہ ننھی منی بچی کی ویڈیو اور تصاویر نے لاکھوں کروڑوں افراد کے دلوں کو موم کردیا جب اس کی اپنے والد کی خدمت کرتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ اس بچی کو لوگوں نے بہت سراہا ہے۔
چین کے خود مختار علاقے ننگ شیا میں 6 سالہ بچی پوری ہمت سے اپنے والد کی مدد کرتی ہے جو چار سال قبل حادثے کے شکار ہوکر معذور ہوگئے تھے۔
2014ء میں 38 سالہ تیان ہائی چینگ کی زندگی اس وقت تاریک ہوگئی جب ایک حادثے کے بعد وہ چلنے پھرنے سے بالکل معذور ہوگئے جس کے بعد ان کا روزگار بھی ختم ہوگیا۔ اس کے بعد تیان کی بیوی نے اپنے بیٹوں کو ساتھ لیا اور 6 سالہ بیٹی باپ کے پاس چھوڑ گئی۔
اس سے پہلے کہ باپ بیٹی کو سنبھالتا چھ سالہ بچی نے خود اپنے والد کا سہارا بنتے ہوئے گھر کی صفائی، کھانا پکانے اور والد کی خدمت کی ذمے داری اپنے سر لے لی۔ ویڈیو اور تصاویر میں ننھی بچی کو والد کے زخم صاف کرتے، پہیہ کرسی پر بٹھاتے، کھانے کھلاتے اور رات کو کتاب پڑھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اپنی بچی کی اس خدمت سے تیان مایوسی سے نکل کر پرامید ہوچکے ہیں۔ اب انہیں امید ہے کہ وہ جلد کچھ بہتر ہوکر اپنی بیٹی کے کاندھوں کی ذمے داری کم کرنا چاہتے ہیں۔
والد نے اپنی بیٹی کی تصاویر اور ویڈیو چینی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں تو شروع میں لوگوں نے خاص نوٹس نہیں لیا لیکن ایک ویڈیو وی چیٹ پلیٹ فارم پر اپ لوڈ ہونے کے بعد اس گھرانے کی شہرت پوری دنیا میں پھیل گئی۔ صارفین نے بچی کے عزم وہمت کی بہت تعریف کی ہے۔
The post معذور باپ کی خدمت کرنے والی 6 سالہ باہمت بیٹی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب https://ift.tt/2N80mRR