حجاج کی واپسی 27 اگست سے شروع ہوگی، 42 پاکستانی عازمین جاں بحق - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

حجاج کی واپسی 27 اگست سے شروع ہوگی، 42 پاکستانی عازمین جاں بحق

 اسلام آباد: حج 2018 تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا، 27 اگست سے25 ستمبر تک حجاج کی واپسی ہو گی جب کہ حج کے موقع پر جاں بحق پاکستانی عازمین کی تعداد 42 ہوگئی۔

ترجمان وزارت مذہبی امورکے مطابق حج 2018 بخیرو عافیت تکمیل کی جانب گامزن ہے اور حجاج کی بڑی تعداد12ذی الحجہ کی رمی کے بعد شہر مکہ روانہ ہو چکی ہے، حجاج کرام زوال کے بعد یا مکتب کی ہدایت کے مطابق رمی کریں گے۔

12ذی الحجہ کو رمی جمرات کے ساتھ ہی حج کا بڑا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ مناسک حج کا آخری رکن طواف الوداع وطن واپسی سے قبل ادا کیا جائے گا، کچھ حجاج کرام 13ذی الحجہ کی رمی کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔ تینوں شیطانوں کوکنکریاں مارنے کے بعد مغرب سے قبل منی سے نکلنا ہوتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ حجاج کرام کی وطن واپسی27 اگست سے شروع ہوگی، پہلے دن 4 پروازوں کے ذریعے950حجاج کرام اسلام آباد اور پشاور پہنچیں گے، 240 حجاج کرام سعودی ایئرکی پروازSV794 کے ذریعے دوپہر 3:25 کو پشاور پہنچیں گے، پی آئی اے کی پروازPK3002 شام 5 بجے327حجاج کرام کیلیے اسلام آباد پہنچے گی۔ حج سے واپسی کا فضائی آپریشن 25ستمبرکوحجاج کی وطن واپسی کے ساتھ ہی مکمل ہو جائے گا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق حج 2018 کے موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اب تک مجموعی طورپر42 پاکستانی جاں بحق ہوگئے، جن میں30مرد اور 12خواتین بھی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کو حجاز مقدس کے قبرستانوں میں ان کے ورثا کی اجازت سے دفنا دیا گیا۔

علاوہ ازیں وقوف عرفہ سے قبل برین ہیمرج کا شکار پاکستانی خاتون حاجن کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے مکہ مکرمہ کے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی پہنچا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مشاعر مقدسہ میں حجاج کے عرفات روانہ ہونے سے قبل ایک حجن بہوش ہو کر گرگئی، جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی، نازک حالت کے پیش نظرمریضہ کو ایئرایمبولینس کے ذریعے مکہ مکرمہ کے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

The post حجاج کی واپسی 27 اگست سے شروع ہوگی، 42 پاکستانی عازمین جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2NmpapS