سرکاری کالجوں میں 11ویں جماعت کے آن لائن داخلوں کا آغاز - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

سرکاری کالجوں میں 11ویں جماعت کے آن لائن داخلوں کا آغاز

 کراچی: سیکریٹری کالج ایجوکیشن لبنیٰ صلاح الدین نے گیارہویں جماعت کی آن لائن مرکزی داخلہ پالیسی کا اعلان کردیاہے،جس کے تحت سال اول کی 6 فکلیٹیز میں 1لاکھ سے زائد داخلے دیے جائیں گے۔

مرکزی داخلہ پالیسی برائے گیارہویں جماعت کا اعلان گورنمنٹ کامرس اینڈ اکنامکس کالج میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن لبنیٰ صلاح الدین نے پہلا فارم اپ لوڈ کرکے کیا۔

اس موقع پرسیکریٹری نے کہاکہ ہم نے داخلوں کیلیے صرف ایک حد متعین کی ہے لیکن اگر داخلے زیادہ ہوتے ہیں تو کسی بھی طلبہ کو داخلہ دینے سے منع نہیں کیا جائے گا، 50 سے زائد اوپن کالجز جبکہ 85 کالج ایسے ہیں جن میں اوپن میرٹ پر داخلے دیے جائیں گے۔

انھوں نے مزید کہاکہ کمیٹی میں شامل ہر ممبر 18 اور 19 گریڈ کا افسر ہے اور اتنے اہل ہیں کہ وہ باآسانی کام کر سکیں، ضروری نہیں کہ اگر ان کے پاس ’’کیپ‘‘ میں کام کرنے کا تجربہ نہیں تو وہ کام نہیں کرسکتے۔ ہم نئے لوگوں کو موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ ان کی کارکردگی بھی دیکھیں،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ ہم کالج کا اپنا آئی ٹی سسٹم اپ لوڈ کرنے کیلیے کام کررہے ہیں جو امید ہے کہ جلد ہو جائے گا۔

دوسری جانب ریجنل ڈائریکٹر جنرل محمد معشوق نے کہا کہ اس سال کراچی میں مزید دو نئے کالجز شامل کیے گئے ہیں جہاں طلبہ داخلے لے سکتے ہیں جن میں ایک کالج شرافی گوٹھ جبکہ دوسرا نارتھ کراچی 11 سی میں واقع ہے، انھوں نے کہاکہ داخلہ فارم کی کوئی فیس نہیں ہے، سرکار کی پالیسی کے مطابق طلبہ سے کسی بھی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

داخلہ پراسپیکٹس 2018 کے بجائے 2017 کا ہی اپ لوڈ کر دیا گیا

صوبائی محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کے داخلوں کیلیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی ناتجربے کاری کے اثرات سامنے آناشروع ہوگئے ہیں اورکمیٹی کی جانب سے ویب سائٹ پرداخلوں کے سلسلے میں دی گئی بیشترمعلومات بالخصوص داخلہ پالیسی اورسابقہ میرٹ گزشتہ برس 2017 کے حوالے سے اپ لوڈ کردی گئی ہیں جس سے ویب سائٹ کاوزٹ کرنے والے طلبا کوشدید مشکلات درپیش ہیں اورطلبہ کوداخلہ فارم پر کرنے میں دشواریوں کاسامناہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو اس حوالے سے درجنوں طلبہ نے بتایاکہ ویب سائٹ پر موجودداخلہ فارم کے ساتھ منسلک داخلہ پراسپیکٹس 2018کے بجائے 2017کاہی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے اورنیا پراسپیکٹس ویب سائیٹ پر موجودہی نہیں ہے جس سے معلوم ہوتاہے کہ محکمہ کالج ایجوکیشن اوراس کے ماتحت کام کرنے والی مرکزی داخلہ کمیٹی نے تعلیمی سیشن 2018/19 کے داخلوں کے لیے کوئی نئی پالیسی وضع ہی نہیں کی بلکہ پرانے دستاویزات کوہی اپ لوڈ کر دیا گیاہے۔

مزیدانکشاف ہواہے کہ ویب سائیٹ پر گزشتہ برس 2017 کے ’’کٹ آف مارکس‘‘ (میرٹ) کے بجائے 2016کے ’’کٹ آف مارکس‘‘( میرٹ) اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں جس سے طلبہ یہ اندازلگانے میں تاحال ناکام ہیں کہ کراچی کے سرکاری کالجوں میں گزشتہ برس 2017میں داخلہ کتنے مارکس پربند ہوئے تھے اورانھیں اپنے میٹرک کے نتائج کے مطابق میرٹ معلوم کرنے میں مشکلات کاسامناہے۔

دلچسپ امریہ ہے کہ جمعہ کی صبح سے شام تک توویب سائٹ پر ’’کالج انفارمیشن‘‘ کاسوئچ کام کر رہا تھا اور اس میں 2016 کے ’’کٹ آف مارکس‘‘ (میرٹ) موجودتھی تاہم جمعہ کی شام اس سوئچ کاڈسپلے توموجود ہے تاہم سوئچ نے کام چھوڑ دیا اور میرٹ کے حوالے سے کراچی کے سرکاری کالجوں کی معلومات ویب سائٹ سے غائب ہی کردی گئی جس سے طلبہ 2016کے میرٹ کی معلومات سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ جمعہ کی رات تک 2017کی کالجوں کی میرٹ ویب سائیٹ پر اپ لوڈ نہیں کی جاسکی تھیں ویب سائیٹ پر موجود داخلہ پراسپیکٹس میں داخلوں کے لیے اہلیت کے قواعد 2017 کے ہیں درج ہیں جسے eligibility for admission 2017 لکھا گیا ہے۔

مزید براں اسی پراسپیکٹس میں 2018 میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے بجائے 2017 میں ایس ایس سی ؍ ٹیکنیکل بورڈ؍ جی سی ای (او لیول) کے فارغ التحصیل ہونے والے کومخاطب کیا گیا ہے مزید کہا گیا ہے کہ 2017 سے قبل آخری تین برسوں میں میٹرک یا مساوی امتحان دینے والے طلبہ کے داخلے کے قواعد دیے گئے ہیں اسی طرح ایک جگہ کہا گیا ہے کہ جن طلبہ نے 2017 کے ضمنی امتحان پاس کیے ہیں وہ 2017/18 کی کیپ پالیسی کے تحت داخلے کے اہل نہیں ہیں۔

The post سرکاری کالجوں میں 11ویں جماعت کے آن لائن داخلوں کا آغاز appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2MThrPZ