اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2018-19 کے پہلے ماہ کے دوران اب تک کی ٹیکس وصولیوں پرعدم اطمینان کا اظہار کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چیئرپرسن رخسانہ یاسمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا مہینہ ہے اوران کی خواہش ہے کہ جولائی کے ٹیکس ہدف کو ہر صورت حاصل کیا جائے مگر رواں ماہ کے پہلے 24 دنوں میں35ارب روپے سے بھی زیادہ کی نمایاں کمی سے صرف 165ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا جا سکا ہے جبکہ جولائی 2017 کی اسی مدت میں200 ارب روپے سے زائد کا ریونیو حاصل کیا گیا تھا جو نہ صرف مقررہ ہدف سے زیادہ تھا بلکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے ماہ کی ریونیو گروتھ بھی 26.5فیصد تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ایف بی آر کو مزید ٹیکس وصولیاں حاصل ہوں گی اور حتمی اعدادوشمار آنے تک ریونیو میں مزید اضافہ ہوجائے گا البتہ آئندہ عام انتخابات کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث ایف بی آر کی ریونیو کلکشن بھی متاثر ہوئی ہے اور بدھ کو ملک میں آئندہ عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس کے لیے عام تعطیل ہے اور آئندہ چندروز تک نئی حکومت کے قیام کے عمل کی وجہ سے بھی سرگرمیاں محدود رہنے کا امکان ہے جس سے ریونیو مزید متاثر ہوگا۔
ایف بی آر کی چیئرپرسن رخسانہ یاسمین جولائی 2018 کی ریونیو کلیکشن کو بہت زیادہ اہمیت دے رہی ہیں، یہی وجہ ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام لارج ٹیکس پیئر یونٹس، ریجنل ٹیکس آفسز اور کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفسز کے چیف کمشنرز کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے جس کے مطابق جولائی کی ٹیکس وصولیوں کا ریونیو ہدف کے ساتھ موازنے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ایل ٹی یوز، آر ٹی اوز اور کارپوریٹ آر ٹی اوز کو جولائی کے لیے دیے جانے والے ٹیکس اہداف میں کچھ فیلڈ آفسز بہت پیچھے ہیں جو ہیڈکوارٹرز کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے، رواں ماہ کی ٹیکس وصولیوں میں بڑے پیمانے پر کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ چیئرپرسن ایف بی آر رخسانہ یاسمین کی ہدایات کے مطابق جولائی کے لیے مقررہ ٹیکس ریونیو اہداف کا حصول قومی معیشت کے لیے انتہائی لازمی ہے جبکہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں چونکہ آئندہ عام انتخابات ہو رہے ہیں جس کے باعث رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کام کی رفتار سست رہے گی اس لیے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی سست روی کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے تاکہ الیکشن کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں میں سست روی سے ریونیو کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے، ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور تمام فیلڈ فارمشنز کو جولائی کے ٹیکس اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
The post ٹیکس اہداف؛ ایف بی آر کو آغاز میں ہی ناکامی کا سامنا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2v14nAj