کراچی: حکومت میں تبدیلی کے بعد کئی لوگ چیئرمین پی سی بی کی کرسی کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھنے لگے۔
عمران خان کے نئے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی کرکٹ کی بعض شخصیات چیئرمین پی سی بی کی پوسٹ سنبھالنے کے خواب دیکھنے لگی ہیں، ان میں ایک پی ایس ایل فرنچائز کے مالک سمیت بعض سابق کرکٹرز بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق بعض لوگوں نے عمران خان کی قریبی شخصیات کو یقین دلانا شروع کردیا ہے کہ ان سے بہتر انتخاب کوئی ثابت ہو ہی نہیں سکتا۔
دوسری جانب لاہور میں واقع بورڈ آفس میں بھی گزشتہ روز حکومت کی ’’تبدیلی‘‘ کا چرچا رہا اور ملازمین تبادلہ خیال کرتے رہے کہ اس کا کس پر اثر پڑ سکتا ہے، چیئرمین نجم سیٹھی شام کو دفتر آئے اور معمول کے امور انجام دیے،قریبی ذرائع کے مطابق انھوں نے ’’دیکھو اور انتظار کرو‘‘ کی پالیسی اپنا لی ہے، وہ خود سے میدان نہیں چھوڑیں گے۔
ادھر الیکشن کے دنوں میں بھی ذاکرخان، عمران خان کے آس پاس ہی دکھائی دیے، البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں چیئرمین کی ذمہ داری شاید ہی سونپی جائے، سابق کپتان کو اس بات کا اندازہ ہے کہ سب دونوں کی قربت سے واقف ہیں ایسے میں اگر کوئی بڑی ذمہ داری سونپی تو دوستی نبھانے کا الزام لگ جائے گا، ذاکر خود بھی چاہتے ہیں کہ ماضی کی پوسٹ پر ہی فعال ہو جائیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی برس سے انھیں بغیر کام کیے ماہانہ تنخواہ و دیگر مراعات دی جا رہی ہیں۔
The post چیئرمین کی کرسی کو للچائی نظروں سے دیکھا جانے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2JZWY9Z